سیاسی جماعتوںمیںجمہوریت ،آمریت یاموروثیت

Jan 21, 2017

پاکستان میں حقیقی سیاسی جماعتوں کی کمی ہر دور میں محسوس کی جاتی رہی ہے ۔ اسی لیے طالع آزما ، آمر بآسانی اقتدار پر قابض ہوتے رہے اور اپنی حکومت کو دوا م بخشنے کے لیے غیر حقیقی سیاسی جماعتیں بناتے رہے ۔ اگر غور کیا جائے تو موجودہ اسمبلیوں اور سینیٹ میں وہی لوگ یا ان کی اولادیں بیٹھی نظر آئیں گی ۔ جن کی سیاسی نشونما دور آمریت میں ہوئی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی ملک میں جمہوری عمل شروع ہوتا ہے ۔ حقیقی جمہوریت قائم نہیں ہوپاتی ۔ آمریت کی خو بومحسوس کی جاتی ہے ۔ عوام کا مزاج بھی ا یسا ہوگیا ہے کہ جلد ہی ان کی طبیعت بھی جمہوریت اور حکمرانوں کی نا اہلی ، بدعنوانی اور انتخابات کے وقت کیے گئے وعدے پورے نہ کرنے کی وجہ سے اُوبھ جاتی ہے اور وہ پھر دور آمریت کے گن گانا شروع کردیتے ہیں ۔ اس میں کسی حد تک ذرائع ابلاغ کا بھی کردار ہوتا ہے لیکن اصل وجہ حکمرانوں کی اپنی نا اہلی ، بدعنوانی اور خراب طرز حکمرانی ہے۔ اگر ہم تاریخی طور پر پاکستان میں جمہوریت کی ناکامی کے اسباب پر غور کریں اور سیاسی جماعتوں کی ساخت پر غور کریں تو اکثر جماعتوں میں خود جمہوریت کے بجائے آمریت و موروثیت پا ئی جا تی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سیاست پیشے کا روپ اختیار کرچکی ہے۔ جب برسر اقتدار جماعت میں خود آمریت قائم ہوگی اور موروثیت کے جراثیم پائے جاتے ہونگے تو حکمرانوں کے فیصلے جمہور کی امنگوں کے مطابق تو ہو نہیں سکتے ۔ ان ہی غیر جمہوری فیصلوں کی وجہ سے جمہور ، جمہوریت سے نالاں رہتا ہے۔ انتخابی سیاست میں حصّہ لینے والی سیاسی و مذہبی جماعتیں پابند ہوتی ہیں کہ وہ الیکشن کمیشن میں اپنے حسابات پیش کریں اور انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کے دستاویزی ثبوت الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔ رسمی طور پر تو ہر جماعت یہ دستاویزات جمع کرا دیتی ہے لیکن حقیقی طور پر انٹرا پارٹی الیکشن کا عمل جماعتوں میں کم یاب ہے ۔ موجودہ قومی وصوبائی اسمبلیوںا ور سینیٹ میں جمہور کی نمائندگی کرنے والی بڑی اور چھوٹی جماعتوں میں مسلم لیگ(ن)، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ ، جمیعت علمائے اسلام (فضل الرحمن)، مسلم لیگ (فنکشنل)، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی اور پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی نظر آتیں ہیں۔ مسلم لیگ (ن)وفاق ا ور ملک کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں برسر اقتدار ہے اور بلوچستان میں پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے ساتھ مخلوط حکومت میں شامل ہے ۔ پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت ہے ۔ تحریک انصاف نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنائی ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ کسی حکومت میں تو شامل نہیں ہے لیکن کراچی ا ور حیدرآباد جیسے بڑے شہروں کی میئر شپ پر براجمان ہے ۔ ان تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں میں صرف جماعت اسلامی واحد جماعت ہے ۔ جس کے بارے میںجماعت اسلامی کے ناقدین بھی کہنے پر مجبور ہیں کہ اس سیاسی و مذہبی جماعت میں جو نظم وضبط اور جمہوریت قائم ہے۔ وہ دیگر جماعتوں کے لیے قابل تقلید ہے۔ گزشتہ 8 سال سے ملک میں جمہوریت قائم ہے لیکن بعض برسر اقتدار جماعتیں دور آمریت کی یادگار ہیںاور ان کا طرز حکمرانی جمہوریت ہونے کے باوجود ، دور آمریت کی یاد تازہ کرتا ہے ۔ اسی لیے عوام کے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھے ہی ہیں۔ ملک مزید قرضوں میں ڈوبا ہے ۔ سرکاری اداروں کی کارکردگی کا معیار تو اس حد تک گر گیا ہے کہ کچھ ادارے تو عملًا بند پڑے ہیں ۔ جیسے ملک سب سے بڑا صنعتی ادارہ اسٹیل مل! لوڈشیڈنگ کے خاتمے ، احتساب اورشفافیت کے نعرے، سب ڈھونگ ثابت ہوئے ہیں۔ کرپشن کے وہ ریکارڈ قائم ہوئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ پانامہ لیکس کا معاملہ تازہ ہے لیکن تمام ملکی تحقیقاتی ادارے خواب غفلت میں ہیںکیونکہ عمومی طور پر اداروں کے سربراہ کے لیے قرعہ فال اُن افراد کے نام ہی نکلتا ہے جو حکمرانوں کی وفاداری کا دم بھرتے ہوں یا برسر اقتدار جماعت کے قائد کے خاندان سے ہوں۔ اسی وجہ سے پاناما لیکس کے مسئلے پرکر ، سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا پڑا۔ کراچی جیسے بڑے شہر میں امن و امان کی صوتحال کئی عشروں سے خراب چلی آرہی ہے ،پیپلز پارٹی جب وفاق میں برسر اقتدار تھی اور


سندھ میںمتحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ مل کر حکومت کررہی تھی ۔ صوبہ سندھ ترقی میںدوسرے صوبوں سے پیچھے رہا اوراُس دور میںکراچی کے حالات بھی مزید بگڑے ۔ موجودہ دور حکومت میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ اور کراچی کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ اب وزیر اعلی کی تبدیلی بھی عمل میں آگئی ہے ۔ اس لیے اگلے انتخابات سے قبل، پیپلز پارٹی کو کامیابی حاصل کرنے کے لیے پورے صوبے کے مسائل کو حل کرنا ہوگا یا کمی لانی ہوگی۔ ورنہ انتخابی نتائج پارٹی کے خلاف بھی آسکتے ہیں۔ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کچھ سیاسی جماعتیں درپردہ اور اعلانیہ ان دہشت گردوں کی حمایت میں بھی سرگرم دکھائی دیں۔ اسی لیے دہشت گردوں سے مذاکرات کی راہ بھی اپنائی گئی لیکن کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوااور دوران مذاکرات ہی سانحہ APS رونما ہوگیا۔ اس سانحہ کے بعدتمام سیاسی جماعتوں اور عسکری قیادت کی مشاورت کے بعدنیشنل ایکشن پروگرام ترتیب دیا گیا۔ جو اس بات کا مظہر ہے کہ عسکری قیادت بھی سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سے شاکی ہے ۔ نیشنل ایکشن پروگرام پر عملد رآمد کے بعد جہاں متاثرہ علاقوں میںا من قائم ہوا ہے ۔ وہیں بعض متاثرہ علاقوں میں سیاسی خلا بھی پیدا ہوا ہے ۔ خصوصا کراچی میں۔ اس سیاسی خلا کو جمہوری طور پر پورا کرنا اشد ضروری ہے ۔ 2018 عام انتخابات کا سال ہے۔ ا ن حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ انتخابات سے قبل صاف و شفاف مردم شماری کرائی جائے اورسیاسی جماعتیں اپنی ذمّہ داری کا احساس کرتے ہوئے۔ اپنی جماعتوں میں جمہوریت قائم کریں ۔ موروثیت کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریںتاکہ عوام کا جمہوریت پر اعتماد قائم ہواور پاکستان میں بھی حقیقی جمہوریت کا عوامی خواب پورا ہو۔

مزیدخبریں