رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں‘ دہشت گردوں‘ ٹارگٹ کلرسمیت15 گرفتار

کراچی(کرائم رپورٹر)کالعدم جماعتوں کے حق میں وال چاکنگ کے بعد جمعہ کی صبح سویرے لانڈھی فیوچر موڑ قائدآباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹارگیٹڈ آپریشن کرکے کالعدم جماعت کے3اہم کارندوں سمیت8افرادکوگرفتارکرلیاہے جبکہ خالی مکان کے ٹینک سے جدید اسلحہ برآمد ہواہے۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی فیوچر موڑ اور قائدآباد کے مختلف علاقوں میں کالعدم جماعت کے اہم کمانڈروں قادر لمبا، کلو ملا اور شریف بارودی کے کارندوں نے کالعدم جماعتوں کے حق میں وال چاکنگ کردی جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے۔ جمعہ کی صبح قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لانڈھی فیوچر موڑ اور قائدآباد کے مختلف علاقوں میں ٹارگیٹڈ آپریشن کرتے ہوئے داخلی اور خارجی راستوں کو گاڑیاں اور رکاوٹیں لگاکر سیل کردیا اور داخلی اور خارجی راستوں پر اہلکار تعینات کردیے جس کے بعد کسی بھی شخص کو علاقے سے باہر یا اندر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن شروع کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانوں اور گھروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم جماعت کے3اہم کارندوں سمیت8افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ آپریشن میں تلاشی کے دوران پانی کے ٹینک سے جدید اسلحہ اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں اور زیر حراست افراد کا تعلق کالعدم جماعت کے اہم کمانڈروں قادر لمبا کلو ملا اور شریف سے بتایا جاتا ہے۔ دوسری جانب راﺅ انوار ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ جو بھی ملک دشمن ہوگا اس کو کسی بھی صورت نہیں چھوڑونگا اور ملیر ضلع میں دہشت گردوں بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ افراد کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔دریں اثناءسندھ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران سات ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ۔ سندھ رینجرز کے مطابق یہ کارروائیاں جمعہ کو کراچی کے علاقوں ‘ اورنگی ‘ گزری اور سعید آباد میں کی گئی ۔ترجمان رینجرز نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر سات ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں سے ایک کا تعلق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے ہے بتایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اجمیر نگری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ٹارگٹ کو کلر گرفتار کرلیا، ایس ایس پی مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ ملزم فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے اور ا±س نے 8 افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا۔ اجمیرنگری پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا ہے جس کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی۔ ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی آٹھ سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے دو ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ۔
گرفتاریاں

ای پیپر دی نیشن