کابل (صباح نیوز+ اے ایف پی) افغانستان کے جنوبی صوبے میں طالبان نے بڑا حملہ کیا، جس دوران کم از کم 16 پولیس اہل کار ہلاک ہوئے جبکہ دو سرکاری چوکیوں پر قبضہ کیا گیا۔ سکیورٹی پر مامور ایک مقامی اہل کار نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ یہ لڑائی قندھار کے میوند ضلع میں ہوئی۔ اہل کار نے بتایا کہ اِن جھڑپوں کے دوران، افغان افواج نے بھی طالبان کو شدید جانی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے تین امریکی ساختہ بکتربند گاڑیوں پر قبضہ کر لیا، جنہیں عرف عام میں ہمویز کہا جاتا ہے۔ اہل کار نے نام ظاہر نہ کرنے کے لیے کہا۔ صوبائی پولیس کے ترجمان ضیا درانی نے بتایا کہ 27 طالبان ہلاک کیے گئے، جن میں چار کلیدی کمانڈر شامل ہیں۔صوبائی حکومت کے ترجمان، صمیم خپلواک نے لڑائی کی تصدیق کی ہے۔ تاہم، مزید تفصیل زیر بحث لانے سے انکار کیا۔ قندھار طالبان کا آبائی خطہ رہ چکا ہے۔ دریں اثناء مزار شریف میں پولو میچ کے دوران بم دھماکے سے 3 شہری ہلاک ہوگئے ہیں، کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔
قندھار میں جھڑپیں،4 کمانڈرز سمیت27 طالبان،16 افغان اہلکار ہلاک
Jan 21, 2017