کوہلو‘ ڈیرہ بگٹی میں کارروائی‘ 2 دہشت گرد ہلاک: مردان‘ کومبنگ آپریشن‘ 77 مشتبہ افراد گرفتار

Jan 21, 2017

کوئٹہ/ راولپنڈی/ مردان/ ہنگو (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) کوہلو اور ڈیرہ بگٹی کے سرحدی علاقوں میں حساس اداروں اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ انکے 8 کیمپ تباہ کر دیئے گئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق ایف سی اور حساس اداروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کے خفیہ اطلاعات ملنے پر کارروائی کی جس کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کے زیراستعمال 8 کیمپ بھی تباہ ہو گئے۔ تباہ شدہ کیمپوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ برآمد کئے اسلحے میں اینٹی ائرکرافٹ گنز اور ہیڈ گرنیڈ لانچر بھی شامل تھے۔ علاوہ ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے مردان میں مشترکہ کومبنگ آپریشن کیا۔ کومبنگ آپریشن مردان کے علاقے پیپال میں کیا گیا جس میں 77 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ مشتبہ افراد سے اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔ مشترکہ آپریشنز فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کیا۔ آپریشن کے دوران 400 مکانوں کی تلاشی لی گئی۔ ادھر اورکزئی ایجنسی میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیٹکل انتطامیہ اورکزئی ایجنسی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کے روز اورکزئی ایجنسی کے علاقہ تور سمت میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرتے ہوئے مینا باز اور اصغر کو قتل کر دیا جبکہ فائرنگ سے جمال نامی شخص شدید زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ سرچ آپریشن کر کے 15 افراد کو گرفتار کر لیا۔ جمعہ کو پولیس اور حساس اداروں نے کوئٹہ کے علاقے کلی مبارک ممتاز مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران مذکورہ علاقوں میں گھر گھر تلاشی لی گئی۔

مزیدخبریں