لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت نیوز) تحریک انصاف نے وزیراعظم کے بعد وزیراعلیٰ شہباز شریف کے خلاف بھی سیاسی محاذ کھول دیا، نااہلی کیلئے پنجاب اسمبلی میں ریفرنس جمع کرا دیا، شہباز شریف کی نااہلی کیلئے ریفرنس سپیکر کے اسمبلی سیکرٹریٹ میں نہ ہونے کے باعث سیکرٹری اسمبلی رائے ممتاز کو جمع کرا دیا گیا۔ ریفرنس دائر کرنے کے موقع پر اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے ہمراہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز چودھری، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سبطین خان، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مراد راس، میاں اسلم اقبال، احمد خان بچھڑ، خرم شہزاد، علی سلمان، آصف محمود، احمد علی دریشک، راجہ راشد حفیظ، حجازی خان، سعد یہ سہیل، ڈاکٹر نوشین حامد، نبیلہ حاکم علی، را حیلہ انوار، اشتیاق ملک و دیگر تھے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاںمحمودالرشید اور اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف نے تقریباً 18 ملین یوایس ڈالرکی منی لانڈرنگ کی، ریفرنس معروف قانون دان و سینئر وکیل سپریم کورٹ ڈاکٹر بابر اعوان نے تیارکیا ہے۔ آرٹیکل 63 کے تحت ریفرنس الیکشن کمشن بھجوانے کی درخواست کی گئی ہے۔ رہنمائوں نے کہاکہ شہباز شریف نے اپنے خاندان کی شوگر ملوں کو غیر قانونی اور غیر آئینی طریقے سے جنوبی پنجاب منتقل کیا اور شہباز شریف اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کی وجہ سے صادق اور امین نہیں رہے۔ اس لئے الیکشن کمشن انہیں نااہل قرار دے۔ اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ شہباز شریف نے ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی، ہم چپ ہو کر نہیں بیٹھیں گے۔