کراچی(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن(پی او اے) کے صدر لیفٹیننٹ جنرل سید عارف حسن نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میں کوچز کی شدید کمی ہے اور اس کمی کو پورا کرنے کے لئے ہمیں فاسٹ ٹریک پر کام کرنا ہوگا وہ کراچی جیم خانہ میں سال2017 کی سرگرمیوں کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ جنرل سید عارف حسن نے بتایا کہ کوچز کی کمی پورا کرنے کے لئے ہمیں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن ایچ ای سی کی مدد حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوچز کی تیاری کے سلسلے میں پہلے مرحلہ میں مقامی سطح پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2017 کا ہمارا سب سے اہم پروگرام اولمپک ہائوس لاہور میں قائم اولمپک اکیڈمی کی سرگرمیوں کو شروع کرنا ہے۔ یہ اکیڈمی ہم نے انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی آئی او سی کی گائیڈ لائن پر قائم کی ہے۔ فی الوقت اس اکیڈمی ایک کانفرنس ہال‘ لائبریری اور کمپیوٹر سیکشن کی سہولیات دستیاب ہے۔ کانفرنس ہال میں40 سے 30 افراد کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اکیڈمی کے تحت کوچز کی تیاری کے پروگرام کے علاوہ مختلف کورسز‘ سیمینارز‘ آفیشلز کی تربیت نیشنل اسپورٹس فیڈریشن صوبائی اور ضلعی ایسوسی ایشنز کے آفیشلز کی تربیت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ2018ء کے بعدانشاء اللہ ہم اس اکیڈمی میں آئی او سی کی ٹیکنیکل معاونت سے سالیڈیٹی کورسز کا سلسلہ بھی شروع کریں گے۔ سال 2017 کے پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے جنرل سید عارف حسن نے بتایا کہ اسپورٹس ڈیولپمنٹ اسپورٹس انڈسٹری اور اسپانسزر شپ‘ ویمنز اسپورٹس اسپورٹس میں ٹیکس کے مسائل‘ اینٹی ڈوبنگ پالیسی کے حوالے سے سیمینارز کا سلسلہ شروع کررہے ہیں یہ سیمینار لاہور‘ کراچی اور اسلام آباد میں ہونگے۔ً30 جنوری کو پی او اے کا جنرل کونسل اجلاس ہوگا۔ فروری کے وسط میں پاکستانی دستہ جاپان میں منعقدہ ونڈرگیمز میں شرکت کرے گا۔ مئی کے دوسرے ہفتہ کوآذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ اسلامک سالیڈیڈی گیمز میں پاکستان دستہ شرکت کرے گا۔ ان گیمز میں پاکستان15 ڈسپلن میں حصہ لے گا۔ دستہ215 کا ہوگا۔