سیریز جیتنے کیلئے غلطیاں ٹھیک کرنا ہونگی‘ سپنرز ’’جادو‘‘ دکھائیں: مکی آرتھر

Jan 21, 2017

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ کل سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بج کر بیس منٹ پر شروع ہوگا ۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے تیسرے میچ میں جنید خان کی نوبال کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز میں کامیابی کے لیے معمولی غلطیوں کی بھی گنجائش نہیں ہے۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ جنید خان نوبال کرنے کے عادی نہیں ہیں بلکہ یہ ان کی غلطی تھی تاہم ان کی اس غلطی کی ٹیم کو تیسرے میچ میں بھاری قیمت چکانی پڑی تھی۔مکی آرتھر نے جنید خان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوبال کرنے کا عادی نہیں، انھیں میدان میں چلنے والی ہلکی ہوا سے مشکلات پیش آرہی تھی۔لیکن اب بھی یہ کوئی قابل قبول وجہ نہیں ہے ہمیں اپنے پاؤں لکیر سے پیچھے رکھنے ہونگے۔ٹیم کو اگر سیریز میں حقیقی جیت حاصل کرنی ہے تو اس طرح کی معمولی غلطیاں برداشت نہیں کرسکتے۔ہیڈ کوچ نے چوتھے میچ میں کپتان اظہرعلی کی واپسی کی خبر سناتے ہوئے کہا کہ وہ اچھی پریکٹس کررہے ہیں اور رننگ میں بھی بہتر ہیں جبکہ فیلڈنگ میں بھی ٹھیک ہوگئے ہیں اس لیے ہم کل ہونیوالے میچ میں ان کی واپسی کیلئے پرامید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے آنے سے ہماری ٹیم کو بڑا سہارا ملے گا اور ہماری بلے بازی کو بھی مضبوطی میں مدد ملے گی اور میں ان کی واپسی کیلئے پراعتماد ہوں۔آرتھر سیریز میں واپسی کے لیے پراعتما ہیں اور اگر سپنرز نے اپنا جادو دکھایا تو اس کو حقیقی روپ دیا جاسکے گا۔ہمیں اب دو گراؤنڈز میں کھیلنا ہے جو ہمارے لیے سازگار ہیں، سڈنی میں پورے سال ٹرن رہتی ہے اور ایڈیلیڈ میں سلو وکٹ ہوتی ہے۔مکی آرتھر نے کہا کہ اس لیے ان دو میدانوں میں ہمارے باؤلرزبھرپور کھیلیں گے۔

مزیدخبریں