ایاز صادق قومی اسمبلی کی کارروائی ”پرامن“ رکھنے کیلئے پارلیمانی قائدین سے ملاقات کرینگے

Jan 21, 2017

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق وزیراعظم محمد نوازشریف کے خلاف دوسری تحریک استحقاق کو قومی اسمبلی میں زیر بحث لانے کی اجازت نہ دینے پر اپوزیشن جماعتوں کو ہنگامہ آرائی سے روکنے کے لئے 26 جنوری کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے پارلیمانی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی ”پرامن“ طورپر چلانے کے لئے اپوزیشن رہنما¶ں کو پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کی اجازت دے دیں گے۔ تاہم ایوان میں ہنگامہ آرائی کا اعادہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ سردار ایاز صادق کا قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے رابطہ ہے۔ ایوان کی کارروائی ”پرامن“ طورپر چلانے کے لئے اپوزیشن لیڈر کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سید خورشید شاہ سے کہا جائے گا کہ وہ تحریک انصاف کو پارلیمانی ماحول کشیدہ نہ کرنے دیں۔ سردار ایاز صادق نے باور کرا دیا ہے کہ اگر قومی اسملی کے اجلاس کی کارروائی نہ چلنے دی گئی تو سپیکر کو حاصل اختیارات کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں