امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا پہلا انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے اوباما کیئر پروگرام میں ترمیم کی سمری پر دستخط کر دیئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کے 45 ویں صدر کا عہدہ سنبھالتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے سب سے پہلے ایگزیکٹو آرڈر کا اختیار استعمال کرتے ہوئے اوباما کیئر پروگرام میں ترمیم کی سمری پر دستخط کر دیئے ہیں تاہم بل کی حتمی منظوری سینیٹ دے گی۔نو منتخب صدر نے کانگرس کو متبادل ایکٹ لانے اور سرکاری ایجنسیوں کو عوام پر وزن کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں لاکھوں افراد اوباما کیئر بل کے ذریعے صحت کی سہولیات اور انشورنس حاصل کر رہے ہیں لیکن امریکہ کے نئے صدر نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اوباما کیئر بل کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے وہ ایران اور شمالی کوریا کی جانب سے حملوں کے تحفظ کے لیے جدید طرز کا میزائل ڈیفنس سسٹم تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔وائس آف امریکہ کے مطابق یہ بات وائٹ ہاوس کی ویب سائٹ پر شائع کیے جانے والے ایک پالیسی بیان میں کہی گئی ہے۔وائٹ ہاوس کی ویب سائٹ پر یہ بیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے کے چند ہی منٹوں کے بعد شائع کیا گیا۔بیان میں میزائل ڈیفنس سسٹم کے متعلق یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا نصب کیا جانے والا دفاعی نظام اسی طرح کا ہے جو اس وقت تیاری کے مراحل میں ہیں یا ان سے مختلف ہو گا۔ بیان میں دفاعی نظام کے بارے میں کسی طرح کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ اس پر کتنی لاگت آئے گی۔