سعودی عرب‘ خوفناک آندھی، متاثرہ علاقوں کے ہسپتالوں میں ہنگامی حالت

Jan 21, 2018

ریاض (آن لائن ) سعودی عرب میں خوفناک آندھی نے خوف وہراس پھیلا دیا‘ متاثرہ علاقوں کے ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سالانہ سردی کا موسم نے بھی شدت اختیار کر لی ہے۔ سعودی میڈیا رپورٹ کے مطابق شمالی حدود ریجن کے گورنر فیصل بن خالد بن سلطان بن عبدالعزیز نے ریجن کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کرا دیا۔کویت کی طرف طوفان کا رخ ہے۔ پورے ریجن میں موسمی حالات ابتر ہوگئے ہیں۔ گردو غبار کا طوفان ہر جگہ نظرآ رہا ہے۔ قریب کا منظر نظر سے اوجھل ہے۔ 

تبوک، جوف، حائل میں آسمان نظر نہیں آرہا ہے۔ گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ ریاض میں کنگ عبدالعزیز کیمل میلے کی انتظامیہ نے خراب موسمی حالات کے باعث تاریخی قریہ بند کردیا۔ قصیم یونیورسٹی میں موسمیات کے ماہر ڈاکٹر عبداللہ المسند نے بتایا کہ سعودی عرب اور عراق میں برپا ہونے والی آندھی کا رخ کویت، حفر الباطن، الرقعی اور الخفجی کی جانب ہے۔600کلومیٹر طویل اور300کلو میٹر چوڑا گرد آلود طوفان پہاڑ کی شکل میں آگے بڑھ رہا ہے۔ دوسری جانب حائل سے قصیم کی جانب بھی گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔ المسند نے مصنوعی سیاروں سے حاصل کردہ تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شمالی ممالک شدید اور تیز رفتار آندھی کی زد میں ہیں۔اردن اور کویت بھی جلد اسکی زد میں آجائیں گے۔ دوسری جانب ماہر موسمیات زیاد الجہنی نے واضح کیاہے کہ امسال سردی کا موسم 20جنوری سے شروع ہوگا۔ سعودی عرب سمیت پورے مشرق وسطیٰ میں سردی کی شدید لہر آئیگی۔ برفباری بھی ہوگی۔ اگلے ہفتے کے وسط تک سردی کی شدید لہر برقرار رہے گی۔ شمالی حدود، الجوف وغیرہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا جائیگا۔ مملکت کے شمال مشرقی اور وسطی علاقوں میں درجہ حرارت 5 ڈگری کے ارد گرد گھومے گا۔

مزیدخبریں