ہمارا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پنجاب کے بازار، گلیاں اور کوچے بند کر دیں گے : حمید الدین سیالوی

Jan 21, 2018

لاہور( خصوصی نامہ نگار)پیر آف سیال شریف پیر حمید الدین سیالوی نے حکومت کو سات روز میں شریعت نافذ کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پنجاب کے بازار، گلیاں اور کوچے بند کر دیں گے جبکہ ڈاکٹر اشرف آصف علی جلالی نے 27جنوری سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے کہا ہے کہ شہباز شریف آستانوں کو خریدنے کا کام بند کرو ،آئندہ عام انتخابات ختم نبوت کے وفاداروں اور غد اروں کے درمیان ہوں گے ، چند مولویوں سے بیان دلوانے سے کام نہیں چلے گا۔ سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام اہل سنت جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتما م داتا دربار کے باہر ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔کانفرنس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے حکومت کے خلاف اور لبیک یارسول اللہ کے نعرے لگائے ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور شرکاءکو مختلف مقامات پر جامع تلاشی کے بعد اجتماع گاہ میں داخل ہونے دیا گیا ۔ کانفرنس دوپہر 4بجے شروع ہوکر رات 9بجے تک جاری رہی۔کانفرنس سے پیر حمید الدین سیالوی ،سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، جے یو پی نورانی کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر زبیر، تحریک لبیک یا رسول اللہ کے چیئرمین ڈاکٹر اشرف آصف جلالی، جماعت اہل سنت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی، پیر مدثر تونسوی، سنی تحریک کے صدر بلال سلیم قادری، صاحبزادہ نظام الدین سیالوی، قومی اسمبلی سے مستعفی رکن غلام بی بی بھروانہ، پیر شمس الرحمن مشہدی کاظمی، پیر سید شمس الدین بخاری، پیر خضر حسین شاہ چشتی، صاحبزادہ حسن رضا، بیرسٹر حسین رضا، مولانا محمد علی نقشبندی، صاحبزادہ محبوب الحسن سواگ شریف، پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی، صاحبزاہ حامد عزیز، علامہ قاری زوار بہادر، صاحبزادہ رضائے مصطفے اور دیگر علماءو مشائخ نے خطاب کیا۔ محمد نواز کھرل نے سٹیج سیکریٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔ پیر حمید الدین سیالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کرنے والوں کے پاﺅں کوہاتھ لگا کر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ ہم ناموس رسالت کی حفاظت کے لئے حاضر ہوئے ہیں ، ہم ناموس رسالت کے لئے ایک بار نہیں سو ،سو بار بھی اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سات دن کی مہلت دے رہے ہیں کہ شریعت کا قانون نافذ کرو ورنہ پنجاب کے بازار، گلیاں اور کوچے بند کر دیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ مشائخ عظام یہ اعلان کر چکے ہیں کہ (ن) لیگ کو ووٹ نہیں دینا لیکن میں کہتا ہوںہر اس شخص کو ووٹ نہیں دینا جو نبی کریم کا غلام نہ ہو ۔ پیر حمید الدین سیالوی نے میں حکومت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ تم نے آج تک ان کو گرفتار کیوں نہیںکیا جنہوںنے معصوم بچیوں کو قتل کیا اورعزت لوٹی، کیاان کی چیخیں تمہارے محلوں تک نہیں پہنچی؟ ہر شہر میں بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کیا جاتا ہے؟ کیا آپ کے دل خون کے آنسو نہیںروتے؟ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے نے کہا کہ نبی کریم کا غدار اسلا م کا حقدار نہیں ، ختم نبوت کے معاملے پر دو ہر ی پالیسی نہیں چلے گی جو بھی ختم نبوت کو میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے نشان عبرت بنا دیا جائے گا،گھبراﺅ نہیں جلد پردہ چاق کرو نگا۔ رانا ثنا ءاللہ کے استعفے کے معاملے پرپیر سیالوی کا بھر پور ساتھ دینگے۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ عام انتخابات ختم نبوت کے وفاداروں اور غداروں کے درمیان ہوں گے ،شہباز شریف سے کہتا ہوں کہ آستانوں کو خریدنے کا کام بند کرو،چند مولویوں سے بیان دلوانے سے کام نہیں چلے گا۔سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزاد ہ حامد رضا نے کہا کہ جس پارلیمنٹ میں ختم نبوت کے قانون پر حملہ کیاجائے ہم اس پارلیمنٹ پر کروڑ بار لعنت بھیجتے ہیں اور اپنے جوتے کی نوک پر ایسی جمہوریت کو لکھتے ہیں۔ تونسہ شریف کے پیر مدثر تونسوی نے کہا کہ حرمت رسول پر ہمارے ساتھیوںنے پارلیمنٹ کی کرسیاں قربان کی، لوگ سڑکوں پرنکل آئے ہیں۔ میں ان اراکین اسمبلی پر لعنت بھیجتا ہوںجنہوںنے اسمبلی میں ختم نبوت کیخلاف سازش کی اوردستخط کیے۔جمعیت علماءپاکستان (نورانی) کے سربراہ صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کی تحریک اپنی پوری آب وتاب کے ساتھ رواں ہے جس کی قیادت پیر حمید الدین سیالوی کررہے ہیں۔سابق رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ سلطان الہند کے حکم پر ناموس رسالتپر قربان ہونیوالے آج بھی سرخرو ہوں گے اور اگلے جہان میں بھی ہوں گے۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔
جیل بھرو تحریک

مزیدخبریں