عمران نا تجربہ کار سیاستدان، شادیوں کے ماہر، ملک میں افراتفری کی وجہ ہیں: وزراء

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاران) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا مسلم لیگ ن کی حکومت کے خلاف لاہور میں پاور شو فلاپ ہوگیا ہے۔ طاہر القادری ، شیخ رشید ، عمران نیازی اور آصف زرداری ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں تاکہ ملک ترقی نہ کر سکے اور عوام خوشحال نہ ہوسکیں۔ عمران خان اور شیخ رشید جہاں سے تنخوائیں وصول کرتے ہیں اسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیج کر 20کروڑ عوام کی توہین کی ہے جوانکی غیر جمہوری سوچ کی علامت ہے۔ عمران خان ایک ناتجربہ کار سیاست دان ہیں ہاں البتہ’’ شادیوں میں انکا تجربہ ہے ‘‘ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تمام اداروں کی عزت ہے، ان میں پارلیمنٹ اہم ترین ادارہ ہے، پارلیمنٹ کو گالیاں نکالنے والے کی عقل پر صرف ماتم ہی کیا جا سکتا ہے۔ کوہاٹ اور راولپنڈی کے درمیان ٹرین چلائی جائے گی۔ 24 جنوری کو افتتاح کریں گے اور 25 جنوری کو ٹرین چلے گی۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے نواز شریف کو اقتدار سے نکالا جا سکتا ہے مگر عوام کے دلوں سے نہیں‘ لاہوریوں نے میاں محمد نواز شریف سے عملی محبت کا ثبوت دیا اور پاکستان کی ترقی کے دشمنوں کو ان کی اوقات یاد دلا دی‘ استعفے مانگنے والے خود استعفے دینے کے وعدے کر کے رفوچکر ہو گئے۔ چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنے والوں کے مقاصد کسی صورت پورے نہیں ہوں گے۔ وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ نواز شریف کے دشمن دراصل ترقی روشنی اور امن کے دشمن ہیں جو ہمارے بچوں سے ان کا مستقبل چھیننا چاہتے ہیں عوام نے دیکھ لیا کہ سیاسی شعبدہ بازوں کے ہاتھ خالی جبکہ مسلم لیگ ن کے پاس خدمت اور ترقی کا طویل ریکارڈ موجود ہے مسلم لیگ ن کی حکومت پر تنقید کرنے والوں کی زبان پر روزگار اور ترقی کا ذکر تک نہیں ہے عوام اپنا یقین قائم رکھیں وفاق اور صوبوں میں آئندہ حکومت بھی مسلم لیگ ن ہی کی ہوگی۔ وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلوں اور پالسیوں پر تنقید حزب اختلاف کا حق ہے لیکن پارلیمان کیخلاف شرمناک ریمارکس قابل مذمت ہیں عمران خان کا پارلیمنٹ سے متعلق بیان ان کی مایوسی کا اظہار ہے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ترقی کے حصول کیلئے جمہوری نظام کا تسلسل ضروری ہے ملکی تاریخ میں پہلی بار جمہوری طریقے سے ایک منتخب حکومت نے اپنی آئینی مدت مکمل کرکے اقتدار دوسری جمہوری حکومت کو منتقل کیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام سندھ حکومت کے ظالموں سے نجات حاصل کریں گے سندھ میں بے پناہ کرپشن ہوئی کراچی کچرا منڈی بنا ہوا ہے عوام کو حکمرانوں کے مظالم سے نجات کیلئے فیصلہ کرنا ہوگا۔ کراچی میں معیشت کا پہیہ نواز شریف کی وجہ سے چل رہا ہے خواہش ہے کہ پنجاب اورلاہور سے زیادہ ترقی سندھ میں ہونی چاہئے۔ ملک میں افراتفری کے ذمہ دار عمران ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...