ملتان +رحیم یار خان(سٹاف رپورٹر+ صباح نیوز) سیزنل انفلوئنزا (سوائن فلو) نے نشتر ہسپتال میں 2 خواتین سمیت مزید 3 مریضوں کی جان لے لی۔ مرنے والوں کی تعداد 27 ہو گئی۔ تفصیل کے مطابق اب تک نشتر ہسپتال میں مجموعی طور پر 218 مریض لائے گئے جن میں سے 113 مریضوں میں مرض کی تصدیق ہوئی جبکہ 93 کی رپورٹس نیگٹو آئی اور 12مریض ایسے ہیں جن کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز نشتر ہسپتال میں 3 مریض سیزنل انفلوئنزا کے باعث جاں بحق ہو گئے جن میں ملتان سے تعلق رکھنے والی 60 سالہ خاتون‘ وہاڑی سے تعلق رکھنے والی 38 سالہ خاتون اور مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والا 40 سالہ شخص شامل ہیں۔رحیم یارخان سے صبا ح نیوز کے مطابق چک72این پی کے رہائشی60سالہ مخدوم محمد حسین کو تیزبخار میں مبتلا ہونے پر ورثاء میڈیکل چیک اپ کیلئے شیخ زید ہسپتال آئوٹ ڈور وارڈ لائے جو سوائن فلو وائرس کی مشتبہ علامات ظاہر ہونے پر طبی امداد کیلئے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔