بے نظیر قتل کیس: جائیداد کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر مشرف کی ضمانت ضبط

Jan 21, 2018

راولپنڈی (اے این این) بے نظیر قتل کیس میں نامزد اور عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیئے جانے والے سابق صدر پرویز مشرف کی ضمانت ضبط کرلی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہونے والی گزشتہ سماعت میں عدالت نے بے نظیر قتل کیس میں نامزد سابق صدر پرویز مشرف کے ضامنوں نذیراحمد اور ممتاز حسین کو آخری مہلت دی تھی کہ وہ اشتہاری ملزم کی جائیداد کی تفصیلات پیش کریں ورنہ ضامنوں کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی زرِ ضمانت ضبط کرلی جائے گی جب کہ عدالت نے ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کیا تھا۔ہفتہ کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بے نظیرقتل کیس میں نامزد اشتہاری ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں مشرف کی جائیداد ضبط کرنے سے متعلق معاملے کا ازسرِ نو جائزہ لیا اور ملزم کی املاک کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کی ضمانت کے 10 ، 10 لاکھ روپے کی رقم ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔عدالت نے پرویز مشرف کے اشتہاری ہونے کے بعد یہ رقم بحق سرکاری ضبط کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں