ہری پور (صباح نیوز+ این این آئی) جی ٹی روڈ سوات چوک کے قریب کار مسافر کوچ کے تصادم میںشادی کی تقریب سے واپس آنے والی ماں بیٹے ، بہو کمسن پوتے سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ ایک گھر سے چار جنازے اٹھنے پر علاقہ بھر میںکہرام،چاروں جاں بحق افراد آبائی قبرستان میں سپرد خاک ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام جی ٹی روڈ سوات چوک کے قریب شادی ہال سے شادی کی تقریب ختم ہونے کے بعد گھر واپس آنے والا بدقسمت خاندان مسافر کوچ کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا۔ ہری پور شہر کی قصاب برادری کے سربراہ چوہدری صدیق کی فیملی کار میں شادی کی تقریب ختم ہوتے ہی واپس روانہ ہوئی جی ٹی روڈ پر ٹائی راڈ کھلنے کے باعث کار پنڈی سے کوہستان جانے والی مسافر کوچ سے ٹکرا گئی۔جس نے کار کو کچل دیا جس کے نتیجے میں کار میں سوار چوہدری صدیق کی اہلیہ نوشتہ بی بی بیٹا بلال چوہدری، بہو حاجرہ بی بی زوجہ چوہدری بلال اور تین سالہ پوتا حارث موقع پر جاں بحق جبکہ دو خواتین شدید زخمی ہوئیں۔ مقامی افراد پولیس امدادی اداروں نے امدادی کارروائیاں کرکے گاڑی کو کاٹ کر لاشوں اور زخمی خاتون کو ہری پور ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں تدفین کے لیے ورثاء کے حوالہ کر دی گئیں۔ پولیس نے حادثے کی رپورٹ درج کر لی۔