مظفرآباد ( صباح نیوز) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ بزدل بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر بوڑھوں ، عورتوں اور مال مویشیوں کو محض اس لیے نشانہ بنا رہی ہے کہ یہ لوگ لائن آف کنٹرول چھوڑ کر نیچے بھاگیں ۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت میں انتہاپسند نریندرمودی کی قیادت میں جب سے حکومت قائم ہوئی ہے لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا نشانہ نہتے کشمیری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے پردہ پوشی کیلئے لائن آف کنٹرول پر مسلسل نہتے معصوم شہریوںکو گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔سینکڑوںشہری آئے روز بھارتی اشتعال انگیزی کا نشانہ بن رہے ہیں ، آج بھی کوٹلی کے نکیال سیکٹر میں2 معصوم شہری بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید اور 4زخمی ہوئے ہیں جبکہ بھمبر کے سما ہنی سیکٹر میں ایک معصوم شہری زخمی ہواہے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک مزاحمت کے سامنے بے بس بھارتی فوج اپنی شکست کا بدلہ لائن آف کنٹرول کے معصوم شہریوں سے لے رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آزاد کشمیر کے شہری بھارتی جارحیت سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور لائن آف کنٹرول پر بسنے والے افراد کا ہرممکن تحفظ یقینی بنایا جائے۔
آزاد کشمیر کے شہری بھارتی جارحیت سے ڈرنے والے نہیں: فاروق حیدر
Jan 21, 2018