اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ علیمہ خان اس طرح کی سلائی مشینیں غریب خواتین کو بھی دیں تاکہ غریب خواتین بھی معاشی طور پر ارب پتی ہوں سکیں اور امریکہ میں پراپرٹی خرید کر سکیں۔ جادوئی مشین تھی تو پھر عمران خان کو دنیا بھر میں شوکت خانم اور نمل میانوالی کیلئے چندہ لینے کی ضرورت کیوں پیش آتی تھی؟ سعید غنی نے کہا کہ عمران سچ بتائیں کہ کتنا چندہ چوری کیا اور علیمہ خان نے اسے کہاں کہاں ٹھکانے لگایا؟ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور مسکینوں کی خدمت کیلئے ملنے والا چندہ، خیرات اور صدقات کی رقم عمران خان کے پاس امانت تھی۔ اس امانت میں خیانت کرنا کہاں کی انسانیت ہے؟ سعید غنی نے مطالبہ کیا کہ شوکت خانم اور نمل کے فنڈز کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے اور وزارت داخلہ عمران خان اور علیمہ خان کا نام ای سی ایل میں ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مکمل طور پر بے نقاب ہو چکے ہیں اور شیخ رشید، فواد چوہدری اور فیاض چوہان جیسے مسخروں کے ذریعے راہِ فرار اختیار نہیں کر سکتے۔
علیمہ خان کے پاس جادوئی مشین تھی تو لوگوں سے چندہ لینے کی کیا ضرورت تھی: سعید غنی
Jan 21, 2019