سانحہ ساہیوال : ظالم قاتلوں کو سزا ملے گی ‘ صدر بچوں کی حالت دیکھ کر صدمے میں ہوں : وزیراعظم

Jan 21, 2019

لاہور+ اسلام آباد (نیور پورٹر+ ایجنسیاں+سٹاف رپورٹر) ساہیوال واقعہ پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن بچوں کے سامنے والدین شہید ہوئے، ان کے ذہن پر مضر اثرات مرتب ہونگے، انہوں نے ساہیوال سانحہ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت تکلیف دہ ہے جن بچوں کے سامنے والدین شہید ہوئے، ان کے ذہن پر مضر اثرات مرتب ہونگے، اس کا میں اندازہ بھی نہیں لگا سکتا ہوں، حکومت انشاءاللہ ان بچوں کا خیال رکھے گی، مگر ماں باپ کا کوئی نعم البدل نہیں ہے ، ظالم قاتلوں کو قرار واقعہ سزا دی جائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان نے ساہیوال واقعے میں متاثرہ بچوں کی دیکھ بھال ریاست کی جانب سے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ متاثرہ بچوں کو دیکھ کر ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں، افسوس ہے بچوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے والدین کو مرتے دیکھا۔ عمران خان نے ساہیوال واقعے سے متاثرہ خاندان کو ایک مرتبہ پھر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے ان کا کہنا ہے کہ ملک کے ہر شہری کی جان کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے جے آئی ٹی رپورٹ آنے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ کوئی بھی والدین ایسی صورت حال کے تصور سے پریشان ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا تاہم قانون کے سامنے سب جوابدہ ہیں۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعہ میں جاں بحق افراد کے حوالے سے بہت دکھ ہوا ہے۔ ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ اتوار کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بہت تکلیف دہ ہے اور اس واقعہ کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔

صدر /وزیراعظم

مزیدخبریں