کراچی (نوائے وقت نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے تحریک انصاف نے پنجاب کو پولیس سٹیٹ میں تبدیل کردیا۔ ساہیوال سانحہ پر پیغام میں بلاول کی جانب سے پولیس کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ پی پی چیئرمین نے ساہیوال واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا بچوں کے سامنے والدین کا قتل گڈ گورننس کے جھوٹے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اتنے بڑے سانحے کے بعد حکومت لاپتہ ہو گئی۔ انہوں نے کہا ریاست مدینہ میں دریائے نیل کنارے مرنے والے کتے کی ذمہ داری خلیفہ وقت اٹھاتا تھا۔ ریاستِ مدینہ کی پیروی کے دعویدار آج کے حکمران بتائیں سانحہ ساہیوال کا ذمہ دار کون ہے؟ انہوں نے کہا نیازی سرکار کی تحقیقات پر کسی کو اعتماد نہیں۔ ایس ایس پیز اور آئی جیز کو تبادلہ کرنے سے انصاف نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا ٹوئٹر والی سرکار دروغ گوئی اور مخالفین پر الزام بازی کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتی۔ نیا پاکستان کے نام پر ملک میں جنگل کا قانون لاگو کردیا گیا ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے ساہیوال واقعہ افسوسناک ہے، تمام چیزیں سامنے ہیں ، اس پر کمیٹی بنانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ واقعہ حکومتی بے حسی ہے، وزیراعظم قوم سے معافی مانگیں۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی وزرا نے ساہیوال واقعے پر افسوس ناک بیانات دئیے۔ وزیراعظم عمران خان وزرا سے فوری طور پر استعفی لیں۔ انہوں نے مزید کہا کیا بچے بھی دہشت گرد ہوسکتے ہیں۔ فوجی عدالتوں سے متعلق کہا کہ فوجی عدالتیں پہلے وقت کی ضرورت تھیں تاہم اب ملک میں مضبوط عدالتی نظام موجود ہے۔ موجودہ حالات میں فوجی عدالتوں کے قیام کی ضرورت نہیں۔ ماضی میں دہشت گردی کے باعث پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کے قیام کو سپورٹ کیا۔ ملک میں امن بھی قائم ہوگیا ہے اور حکومت بھی طاقتور ہے جب کہ عدالتوں سے بھی بڑے بڑے فیصلے ہورہے ہیں۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری قمر زمان کائرہ نے سانحہ ساہیوال کے بارے میں کہا سانحہ ساہیوال ریاستی ظلم کی بدترین مثال ہے ملوث افسران اوراہلکار کسی ہمدردی کے مستحق نہیں۔ پیپلز پارٹی ایسی سرکاری بربریت کی قطعاََ اجازت نہیں دے گی ہم متاثرہ خاندان کے شانہ بشانہ ہیں۔ کسی کو معافی نہیں ملے گی۔
بلاول / خورشید شاہ