تھریسامے بریگزٹ کے معاملے سے پیچھے ہٹ جائیں، سابق برطانوی وزیراعظم

Jan 21, 2019

لندن(آن لائن) برطانیہ کے سابق وزیراعظم کے جان میجر نے موجودہ وزیرِاعظم تھریسا مے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یورپ سے علیحدگی (بریگزٹ)پر ریڈ لائن سے پیچھے ہٹ جائیں اور پارلیمنٹ کو اس مسئلے سے باہر نکلنے کا حل تلاش کرنے دیں۔جان میجر کا کہنا تھا کہ انہوں نے 1990 سے 1997 کے درمیان شمالی آئرلینڈ امن عمل اور پہلی خلیجی جنگ میں اہم فیصلوں پر سمجھوتہ کیا تھا، تاہم تھریسا مے کو بھی ان کے بریگزٹ منصوبہ بھاری اکثریت سے مسترد ہونے کے بعد سمجھوتہ کرلینا چاہیے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم جان میجر 2016 میں بریگزٹ پر برطانیہ میں ہونے والے ریفرنڈم کے دوران یورپ کے ساتھ رہنے کے حق میں مہم چلانے اور تھریسا مے کے اس بل کے خلاف افراد میں شامل تھے۔برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے جان میجر کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیراعظم کی ڈیل اب ناکام ہوچکی ہے، لہذا میرا نہیں خیال کہ انہیں اس کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ اگر ہم اسی افرا تفری کے ساتھ بغیر کوئی ڈیل کیے باہر آگئے تو میرے مطابق اس کے نتجائج بہت ہی خطرناک ہوسکتے ہیں۔یاد رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا اس سے نکل جانے کے حوالے سے 23 جون 2016 کو ریفرنڈم ہوا تھا جس میں بریگزٹ یعنی یورپی یونین سے نکل جانے کے حق میں میں 52 جبکہ مخالفت میں 48 فیصد ووٹ پڑے تھے اور اس پر مارچ 2019 میں عملدرآمد ہونا ہے۔

مزیدخبریں