لاہور(خصوصی نامہ نگار) آفیشل سپوکس پرسن چیف منسٹر پنجاب و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک توجہ دلائو نوٹس پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہونیوالے ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے بعد 2 نو عمر بہنوں کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ متاثرہ بچیاں نابالغ تھیں۔ اس اہم معاملے میں پنجاب حکومت نے اب تک کیا اقدامات کئے ہیں، ایوان کو مکمل تفصیل سے آگاہ کیا جائے؟ دریں اثناء لاہور کی کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی، مسلم لیگ (ن) کے رکن سمیع اللہ خان کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہاگیا ہے کہ لاہور کی 41کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کا وعدہ پورا کیا جائے اورتجاوزات کے نام پر کچی آبادیوں کیخلاف کریک ڈائون کا سلسلہ بند کیا جائے۔ مالکانہ حقوق دینے کیلئے فوری پالیمانی کمیٹی بنائی جائے۔