گندم چوری کے پیچھے حکمرانوں کے یار، عوام کو معلوم ہو گیا ہو گا:خواجہ آصف

Jan 21, 2020

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے کہاکہ سب کو نام معلوم ہیں کہ گندم چوری کے پیچھے کون ہے اب عوام کو بھی معلوم ہو گیا ہو گا کہ کن لوگوں کو ووٹ دیااثرلوگوں نے اس لوٹ مار سے 165ارب روپے کمائے پہلے ان لوگوں نے گندم بیرون ملک بھیجی اب دوبارہ گندم اندرون ملک منگوا کر کروڑوں کمائیں گے اس سارے بحران کے پیچھے حکمرانوں کے یار ہیں۔ وہ پیر کے روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کر رہے تھے انہوں نے کہا چند لوگوں کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے پاکستان کے عوام سے دو وقت کی روٹی تک چھین لی گئی۔ گندم چینی کا بحران صاف نظر آرہاہے کہ اس لوٹ مار کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے حکمرانوں کی خاطرچندے دئیے اب وہ دونوں ہاتھوں سے مال سمیٹ رہے ہیں ۔ اب حال یہ ہے کہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں ۔ بحران کا مرکز پنڈی ڈویژن ہے جہاں سے گندم آٹا آزاد کشمیر افغانستان سمگل ہوا۔

مزیدخبریں