کراچی(اسپورٹس رپورٹر)دنیا کی دوسری بڑی اور ایشیاء کی سب سے بڑی’’ ٹور ڈی پاکستان انٹرنیشنل بیٹل اگینسٹ نارکوٹکس سائیکل ریس‘‘جو22مارچ سے شرو ع ہورہی ہے، کے مراحل کا اعلان کردیا گیاہے۔ آج پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر اورریس کے چیئرمین ادریس حیدر خواجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ یہ سائیکل ریس کراچی سے شروع ہوکر پشاور تک جائے گی اور اس کے 14مراحل ہونگے۔ انہوںنے مزید بتایا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون کے ساتھ ہونے والی اس سائیکل ریس میں اس مرتبہ 5نئے شہروں کا اضافہ کیا گیاہے اور ریس کا فاصلہ بھی 400کلومیٹر بڑھ گیا ہے اور سائیکلسٹ اس مرتبہ 1860کلومیٹرکے بجائے 2210کلومیٹر کا طویل فاصلہ طے کرینگے۔ انہوںنے سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری اور ٹورڈی پاکستان کے چیف آرگنائزر ملک کلیم احمد اعوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ون مین آرمی کے اندا ز میں سائیکل ریس کے انعقاد کے لئے اعوان نے اپنی خدمات جنگی انداز میں پیش کرکے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام ، وزرا ء اور اسٹیبلشمینٹ کے سیکریٹریز سے رابطے کرچکے ہیںجن میںصدر پاکستان جناب عارف علو ی ، سابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور ،وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی، گورنر سندھ عمران اسمعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت اسپورٹس کے اعلیٰ حکومتی عہدیدار شامل ہیں۔ دریں اثناء کلیم اعوان نے سائیکل ر یس کے 14مراحل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سائیکل ریس 22مارچ کوکراچی سے شروع ہورکر حیدر آباد، نوابشاہ، نوشہروفروز، سکھر،رحیم یار خان، راجن پور، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور ، گجرات اور راولپنڈی سے ہوتی ہوئی 2اپریل کو پشاور پہنچے گی۔ ریس کے دوران رحیم یار خان اور لاہور میں ایک ایک دن کا آرام ہوگا۔اس سال سائیکل ریس ٹائیمنگ کے بجائے پوائنٹس سسٹم پر ہوگی۔