سابق حکومتوں کی کرپشن کا خمیازہ آج عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے:غلام نبی ورک

شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور میونسپل کارپوریشن کے سابق اپوزیشن لیڈر حاجی غلام نبی ورک نے کہا ہے کہ پارٹی کے منتخب اور غیر منتخب افراد کے مابین سیاسی اور ذاتی نوعیت کے اختلافات سے وزیراعظم کے کاز کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے پارٹی کے اندر گروپ بندی کے باعث ایک طرف وزیراعظم کا ویژن پروموٹ ہونے کی بجائے زمین بوس ہورہا ہے تو دوسری طرف بیوروکریسی بھی ان اختلافات کا فائدہ اٹھا کر اپنی من مرضیاں کررہی ہے بدقسمتی سے کرپشن میں کمی کی بجائے اس میں اضافہ ہوا ہے مہنگائی کا سیلاب بھی تھمنے کو نہ ہے اداروں میں سیاسی مداخلت میں کمی ضرور ہوئی ہے مگر ابھی بھی اس کا عمل دخل موجود ہے وزیراعلیٰ پنجاب کی شرافت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا مگر انتظامی طور پر وہ کمزور ثابت ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا حاجی غلام نبی ورک نے کہاکہ پونے دوسال کے عرصہ میں ہم عوام کو وہ ڈلیور نہیں کرسکے جس کے ہم نے عوام سے وعدے کئے تھے اس کی بنیادی وجہ سابقہ حکومتوں کی کرپشن ہے جس کا خمیازہ آج عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے مگر اس کے ساتھ اب بھی سرکاری اداروں میں کرپشن اور کمیشن کا راج ہے ۔ بلدیاتی اداروں کے انتخابات سر پر ہیںمگر پی ٹی آئی کی حکومت ایسا کوئی ماحول نہیں بناسکی جس سے وہ بلدیاتی انتخابات میں عوام کے پاس سرخرو ہوکر جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر استوار کرنے اور تعمیراتی کاموں کے آغاز کیلئے پنجاب حکومت خصوصی پیکج کا اعلان کرے اس ضمن میں صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے ابتدائی طور پر میونسپل کارپوریشن کیلئے 6 کروڑ روپے کی مشینری خرید کروائی ہے جو آئندہ چند دنوں میں فنگشنل ہوجائیگی۔

ای پیپر دی نیشن