پنجاب میں جلد سنوکر چیمپئن شپ منعقد کی جائیگی:عدنان ارشد اولکھ

Jan 21, 2020

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سنوکر کے کھیل کو فروغ اور نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے جلد پہلی سپورٹس بورڈ پنجاب سنوکر چیمپئن شپ منعقد کی جائے گی جس سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے، دوسری مرتبہ سنوکر ورلڈچیمپئن شپ جیتنے والے محمد آصف پاکستان کا فخر ہیں، نوجوانوں کو سپورٹس کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے سرسبز میدان اور صحت مند نوجوان پروگرام لا رہے ہیں جس کے تحت پنجاب میں خالی گرائونڈز میں کھیلوں کے میدان تعمیر کئے جائیں گے اس کے لئے 1500مقامات کی نشاندہی کرلی گئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز دوسری مرتبہ سنوکر ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے والے کیوئسٹ محمد آصف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، محمد آصف نے پاکستان بلیئرڈز و سنوکر فیڈریشن کے صدر محمد عالمگیر شیخ، سنوکر ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ایم بی غوری اور پریس سیکرٹری نعمان شیخ کے ہمراہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ان سے ملاقات کی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے محمد آصف کو دوسری مرتبہ سنوکر ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی اور کہاکہ محمد آصف پاکستان کا فخر ہیں۔، محمد آصف پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے دوسری مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب ہر کھیل کو خصوصی اہمیت دیتا ہے تاکہ گراس روٹ لیول سے نئے کھلاڑی سامنے آسکیں، محمد آصف نئے کھلاڑیوں کے آئیڈیل ہیں کہ محنت اور لگن سے ہر مقام حاصل کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب بہت جلد پہلی سپورٹس بورڈ پنجاب سنوکر چیمئن شپ منعقد کرائے گا جس میں پنجاب کے تمام ڈویژنز سے کھلاڑی حصہ لیں گے۔

مزیدخبریں