نارووال سپورٹس سٹی کیس، احسن اقبال کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، جیل بھجوادیا گیا

Jan 21, 2020

اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے احسن اقبال کو نیب کے حوالے کرنے کے بجائے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ہے۔ ن لیگی رہنما کو جیل میں اہلخانہ سے ملاقات، علاج اور گھر کے کھانے کی اجازت دے دی گئی۔ احتساب عدالت میں ان کے مزید 14 روز کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے نیب وکیل سے استفسار کیا کہ 28دن کا جسمانی ریمانڈ تو ہوگیا کیا اب 90روزہ ریمانڈ لیں گے؟ جس پر نیب وکیل کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کو 23 دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا اس لیے مزید تحقیقات جاری ہے، ان کی گرفتاری کے بعد گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ احسن اقبال اقامے کی بنیاد پر ملازمت کرتے رہے، احسن اقبال کیخلاف تحقیقات کرنا چاہتے ہیں، دستاویزات بہت زیادہ ہیں، مزید وقت درکار ہے، احسن اقبال اپنے علاقے کو نوازنا چاہتے تھے۔ اپنی خواہش کیلئے سرکاری خزانہ لٹادیا۔ بعد ازاں احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جس نے زندگی بھر چندہ جمع کیا وہ کیا ملکی معیشت کو کنٹرول کرے گا، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، آٹا 70روپے کلو بھی نہیں مل رہا، لنگرخانہ حکومت نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا۔ پاکستان اناڑی کے ہاتھوں دنیا میں تماشا بن گیا ہے۔ دنیا جس پاکستان کو ایمرجنگ معیشت سمجھتی تھی اسے لنگرخانہ معیشت بنا دیا گیا ہے ۔ آج ہر کوئی بِلک رہا ہے۔ احسن اقبال نے شعر پڑھاکہ ’’جفا کی دیکھ سے گردن وفا شعاروں کی، کٹی ہے برسر میدان لیکن جھکی تو نہیں، اور کہاکہ عمران خان جتنے مرضی کیس بنالیں ہم اس کے دھوکے اور جھوٹ کو قوم کے سامنے لائیں گے اب وقت آگیا ہے کہ اس حکومت کو ہٹایا جائے ۔

مزیدخبریں