خیبر پی کے کو 5 ہزار ٹن گندم روزانہ فراہم کرینگے، مدد ہمارا فرض ہے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں دوسرے لاہور بینالے کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ لاہور بینالے کی افتتاحی تقریب 26 جنوری کولاہور کے حضوری باغ میں ہو گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی لاہور بینالے کا افتتاح کریں گے جبکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار لاہور بینالے کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ لاہور بینالے کی اختتامی تقریب 29 فروری کو شالا مارباغ میں ہو گی۔ لاہور بینالے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ثقافتی ایونٹ ہو گا اور اس پروگرام میں 40 ممالک کے 88 بین الاقوامی آرٹسٹ حصہ لیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور پاکستان کی ثقافت اور سیاحت کا مرکز ہے ۔ ثقافت اور سیاحت کو معاشی ترقی کے لئے فروغ دینا ہماری ترجیح ہے۔ غیر ملکی مہمانوں کی شاندار مہمان نوازی کریں گے۔ پنجاب حکومت اس بڑے ایونٹ کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ پنجاب حکومت نے خیبرپی کے کیلئے خیرسگالی کے طور پر روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار ٹن گندم بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ زیرصدارت اجلاس میں فیصلے کی منظوری دی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ خیبرپی کے کے بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے۔ پنجاب حکومت اپنے سٹاک سے خیبرپی کے کو روزانہ 5 ہزار ٹن گندم فراہم کرے گی اور یہ اقدام خیبرپی کے میں آٹے کی قلت کو دور کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ضروری اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چکی آٹے کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کروںگا۔ چکی آٹا کی قیمت میں استحکام کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکے حکم پر محکمہ خوراک نے صوبہ بھر میں فلور ملوں کی انسپکشن کی اور اب تک مجموعی طور پر 1119 انسپکشن کی گئی ہیںاور 542فلورملوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے گندم کا کوٹہ معطل کیا گیا جبکہ 88فلور ملوں کے لائسنس معطل کیے گئے ہیں اور 14 کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا۔ مختلف شہروں میں قائم سیل پوائنٹس پر سرکاری نرخوں پر آٹے کے تھیلوں کی فراہمی جاری ہے۔ وزیراعلیٰ کہا کہ پنجاب میں وافر گندم کے سٹاک موجود ہیں اور آٹے کی بھی کوئی قلت نہیں۔ میں نے خود مختلف شہروں کے دورے کرکے آٹے کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا ہے۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلاء کی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے واقعہ اور پولیس کے رول کے بارے میں انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر نے انکوائری رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پی آئی سی کے ذمہ داران کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔ قانون کو ہاتھ میں لینا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقبون نے ملاقات کی، جس میںباہمی دلچسپی کے امور، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے مظفر گڑھ کے علاقے سیت پور کے سکول میں جھولا گرنے سے دو بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کی کاوشوں کے باعث پنجاب پبلک سروس کمشن میں جنوبی پنجاب کیلئے 20 فیصد ملازمتوں کے کوٹے پر سٹیٹس کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کو 80 فیصد نشستں پر روکے گئے رزلٹ جاری کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ تاہم جنوبی پنجاب کیلئے 20 فیصد کوٹے پر رزلٹ کا اعلان عدلیہ کے فیصلے تک مؤخر کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...