اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان آج (منگل) بیجنگ میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف ) 3 روزہ براہ راست مذاکرات شروع کرے گا، اجلاس میں پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، فروری میں پیرس اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ووٹنگ ہوگی پاکستانی وفد ایف اے ٹی ایف سے مذاکرات کیلئے چین پہنچ گیا ہے، ایف اے ٹی ایف سے3 روزہ مذاکرات میں پاکستانی وفدکی قیادت وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کر رہے ہیں جبکہ نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا )، کسٹمز، سٹیٹ بینک، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو ) وزرات خارجہ اور وزرات داخلہ کے حکام وفد میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے گرے فہرست سے نکلنے کیلئے ایف اے ٹی ایف کے رکن ممالک سے رابطہ جاری ہیں۔ پاکستان نظرثانی رپورٹ 8جنوری کوایف اے ٹی ایف کو بھجوا چکا ہے، جس میں بتایا گیا پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ بیجنگ میں23جنوری تک ہونیوالے مذاکرات فیس ٹوفیس ہوں گے، ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ، پاکستان اکتوبر تا جنوری تک 27 شرائط پر عملدرآمد رپورٹ پیش کریگا۔ رپورٹ 16 فروری سے شروع پیرس اجلاس میں زیرغورلائی جائے گی اور پیرس اجلاس میں پاکستان کوگرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ووٹنگ ہوگی۔