وزیراعظم نے تاجربرادری کوکاروباری اورمنافع بخش سرگرمیوں میں تمام رکاوٹیں دور کرکے سازگارماحول فراہم کرنے کاعزم ظاہر کیاہے۔اسلام آباد میں تاجربرادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں صنعتی ترقی کے فروغ پرکام کررہی ہے کیونکہ اس کے بغیر ترقی یافتہ پاکستان کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔عمران خان نے حکومت اور تاجربرادری کے درمیان مفاہمتی یادداشت کاخیرمقدم کرتے ہوئے اُن پر زوردیاکہ وہ ملکی ترقی کے لئے واجب الادا ٹیکس ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کاشمارسب سے کم ٹیکس ادا کرنے والی اقوام میں ہوتا ہے اور تاجربرادری سمیت عوام کی جانب سے اس حقیقت کاادراک کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ حکومت ملک میں کاروباری سہولیات کی فراہمی کے لئے جرات مندانہ اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں آئندہ چند روز کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔