کوئلے کی ہینڈلنگ کانیا  ریکارڈ قائم   

کراچی(کامر س رپورٹر)  پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل (پی آئی بی ٹی ) نے دسمبر 2020 کے دوران 1.04ملین ٹن کوئلے کی ہینڈلنگ کرکے پاکستان میں کوئلے کی ہینڈلنگ کا ریکارڈ قائم کرلیا۔ دسمبر 2020میں پی آئی بی ٹی پر کی جانے والی کوئلے کی ہینڈلنگ دسمبر2019میں 0.791ملین ٹن سے 32فیصد زائد رہی۔ اس طرح ٹرمینل کے قیام کے بعد سے پہلی مرتبہ کسی ایک مہینے میں کوئلے کی ہینڈلنگ کا حجم ایک ملین ٹن سے زائد رہا جس نے پی آئی بی ٹی کو ملک کا ممتاز بلک ٹرمینل ثابت کردیا ہے۔ پی آئی بی ٹی نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر 2020کے دوران 5.27ملین ٹن کارگو کی ہینڈلنگ کی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 4.407ملین ٹن کوئلے کی ہینڈلنگ سے 19.7فیصد زائد ہے۔  جولائی تا دسمبر 2020کے دوران پی آئی بی ٹی پر  92 جہاز لنگر انداز ہوئے جبکہ جولائی دسمبر 2019کے دوران 77جہازوں کی آمد ریکارڈ کی گئی تھی۔ پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل کے سی ای او شارق صدیقی کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران ٹرمینل کی کارکردگی ہمارے مقاصد کی بھرپور عکاسی کرتی ہے جن میں عالمی سطح کی کارکردگی پر آپریٹ کرنا اور انڈسٹری میں کارگو ہینڈلنگ کے اعلیٰ معیار کی ترویج سرفہرست ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی بی ٹی ملک میں کوئلے کی سپلائی چین کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل پورٹ قاسم پر 305ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے بی او ٹی بنیادوں پر تعمیر کیا گیا جس کا مقصد  ماحول کے لیے نقصان دہ کارگو کی ہینڈلنگ کو محفوظ اور ماحول دوست طریقے پر منتقل کرنا تھا۔ پی آئی بی ٹی اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرمینل ہے جو سالانہ 12ملین ٹن تک کوئلے اور 4ملین ٹن سیمنٹ اور کلنکر کی ہینڈلنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ٹرمینل کے آپریشنزکا آغاز 2017میں کیا گیا جس کے بعد سے اب تک ٹرمینل پر مجموعی 452جہازوں کی آمد ہوگئی اور 25.2ملین ٹن کارگو ہینڈل کیا گیا۔ پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل اپنے قیام سے اب تک کارگو ہینڈلنگ پر فی ٹن 2.27ڈالر کی رائلٹی اور دیگر ڈیوٹی ٹیکسز کی مد میں حکومتی خزانے میں تقریباً 10ارب روپے جمع کراچکا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن