اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)اقوام متحدہ کی ذیلی ایجنسیوں کی جانب سے جاری رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے ایشیا پیسیفک خطے میں 35 کروڑ افراد کو خوراک کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی ذیلی ایجنسیوں نے کورونا وبا سے دنیا بھر میں ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا۔ جائزہ رپورٹ میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ کورونا وبا کے باعث 35 کروڑ افراد کو خوراک کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے ایک ارب 90کروڑ افراد تندرست غذا کا بندوبست نہیں کر پا رہے ہیں جب کہ 14 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کورونا وبا سے خوراک میں کمی کا شکار ہونے والے متاثرین میں سب سے زیادہ تناسب جنوبی ایشیائی ممالک کے شہریوں کا ہے اور ایسا وبا کی وجہ سے بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہوجانے کے باعث ہوا۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 9 کروڑ 41 لاکھ 24 ہزار اور 612 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 لاکھ 34 ہزار اور 527 ہوگئی ہے۔