ملتان(نمائندہ نوائے وقت ) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کابیانیہ دشمن قوتوں کے بیانیے سے مطابقت رکھتاہے۔ براڈ شیٹ کیس میں ن لیگ کی بد عنوانی اور بد نیتی سامنے آجائیگی۔ ملک میں پائیدار ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ اپوزیشن کا احتجاج بے وقت کی راگنی ‘ پی ڈی ایم کا بیانیہ پٹ چکا۔ پی ڈی ایم نے کرونا وباء کے دوران احتجاج کرکے قوم کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ عوام احتجاجی سیاست کو مستردکرتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی یونین کونسل 121ڈمرا میں پی ٹی آئی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا فارن فنڈنگ میں پی ٹی آئی کا موقف واضح ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی فنڈنگ کی۔ جبکہ اس کے مقابل دوسری جماعتیں بھی اپنے اثاثے ڈیکلیئر کریں۔ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی پاکستان کی منظم اور مقبول ترین سیاسی جماعت ہے جس کو عوام میں بھر پور پذیرائی حاصل ہے۔ پی ٹی آئی کو گراس روٹ لیول تک منظم کررہے ہیں۔ تاکہ عوام ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم رہنماؤں نے قوم سے جھوٹ بولا۔ جس پر انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا پی ڈی ایم دراصل ملکی ترقی کی دشمن ہے۔ اس سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔ اس موقع پرپی ٹی آئی ضلع ملتان کے صدر و ٹکٹ ہولڈر خالد جاوید وڑائچ ‘ گلزار پٹھان‘بلال پٹھان‘ سجاد بھٹی‘عزیز خان ومعززین علاقہ کی کثیر تعداداس موقع پر موجود تھے۔