لاہور( پ ر)وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہاہے کہ ہاؤسنگ سیکٹر، بلڈرز اور ڈویلپرز کو آسانیاں فراہم کرنے کیلئے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں این او سیز کے حصول کے طریقہ کار کو سہل بنایاگیا ہے۔ این او سی کے حصول کیلئے جدید ون ونڈو سسٹم کی کامیابی کے بعد آن لائن پلیٹ فارم کا اجراء کیا گیاہے اور صوبے میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ای گورننس پر مبنی محکمانہ اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔اس حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہاکہ رہائشی یا کمرشل منصوبوں کے نقشوں کی منظوری، تکمیل تعمیر سرٹیفکیٹ، زمین کے استعمال میں تبدیلی کا این او سی یا نجی سوسائٹیوں کیلئے اجازت نامے، سب ایک چھت تلے ای خدمت مراکز سے فراہم کئے جارہے ہیں۔ ون ونڈو نظام کی کامیابی کے بعد وزیر اعظم کی ہدایات کے پیش نظر اس سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائزکیا گیاہے۔ نقشے کی منظوری اور تکمیل تعمیر سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے 30 دن، زمین کے استعمال میں تبدیلی کے این او سی کیلئے 45 دن اور رہائشی سوسائٹیوں کے اجازت نامے کیلئے 60 سے 75 دن کا وقت مقرر کیاگیا ہے۔