سفید چینی کی درآمد پر ویلیوایڈڈ سیلز ٹیکس ختم‘ پی ٹی وی نجکاری فہرست سے خارج

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ  ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ٹی سی پی سے کہا گیا ہے کہ  چینی کے موجودہ سیزن کے دوران ضرورت پڑنے پر 5لاکھ ٹن چینی درآمد کی جائے۔ ای سی سی نے خام اور سفید چینی کی درآمد پر ود ہولڈنگ انکم ٹیکس  5.5فی صد سے کم کر کے0.25فی صد کر دیا اور سفید چینی کی درآمد پر ویلیو ایدیڈ سیلز ٹیکس ختم کر دیا۔ ٹیکس میں اس کمی سے  شوگر ملز کو خام چینی کی درآمد کی ترغیب ملے گی اور وہ تین لاکھ ٹن خام چینی 30 جون 2021 تک درآمد کر سکیں گی۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امور کی جانب سے روڈ ٹو مکہ پائلٹ پراجیکٹ کو اسلام آباد ائر پورٹ  کے ساتھ ساتھ کراچی اور لاہور کے ائیر پورٹس تک تو سیع دینے کی سمری پیش کی گئی۔ اجلاس میں ایکویٹی سرمایہ کاری کی پالیسی کے مسودہ کی منظوری دے دی، کمیٹی نے گندم کی درآمد کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں بلوچستان کے لئے60ہزار میٹرک ٹن گندم پاسکو کے ذخائر سے مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی، ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ ایگری ٹیک اور فاطمہ فرٹیلائزر کے لئے  نومبر2020سے  سے جنوری2021 تک گیس کا ریٹ 772روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگا، ای سی سی نے سندھ  انفرا سٹکچر ترقیاتی کمپنی کی طرف سے52فائر فائٹنگ گاڑیوں کی درآمد پر17فی صد سیلز ٹیکس اور 3فی صد ایڈیشنل سیلز  ٹیکس معاف کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ فرنٹیئر کور بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کے پرزوں کی خریداری کے لئے10ملین روپے منظور کئے گئے۔ یو کے میں وکلاء کی خدمات کا معاوضہ دینے کے لئے 6کروڑ 74لاکھ 50 ہزار سو روپے منظور کئے گئے۔ دریں اثناء وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی ادارے کا اجلاس ہوا۔ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کو نجکاری فہرست سے خارج کر دیا۔ کمیٹی نے نقصان والے ریاستی ملکیتی اداروں کا فرانزک آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن