لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کی طرف سے اپنے وارنٹ گرفتاری کیخلاف درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے درخواست پر تادیبی کارروائی سے بھی روک دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے نصرت شہباز کی درخواست پر سماعت کی جس میں احتساب عدالت کے اس فیصلہ کو چیلنج کیا جس کے تحت ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ کہ نصرت شہباز اپنی بیماری کی وجہ سے بیرون ملک مقیم ہے۔ احتساب عدالت نے ان کی پیشی سے استنثیٰ کی درخواست مسترد کر دی اور ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ حکم کالعدم قرار دینے کیساتھ ساتھ بیماری کی بنا پر عدالت میں پیش ہونے سے استنثی دیا جائے۔ درخواست پر مزید کارروائی 8 فروری کو ہوگی۔