فارن فنڈنگ تاریخی سکینڈل ، رسیدیں مانگنے والے خود التوا کے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں : پی ڈی ایم

Jan 21, 2021

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ + سٹاف رپورٹر) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں زیر سماعت فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد کرنے کیلئے یادداشت پیش کردی۔ای سی پی میں 8نکاتی احتجاجی خط جمع کرایا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ آج پی ڈی ایم کا وفد چیف الیکشن کمشنر سے ملا اورعلامتی مظاہرہ کیا کیونکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا فارن فنڈنگ کیس 6 سال سے التوا کا شکار ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن خود قرار دے چکا ہے کہ پی ٹی آئی نے قانون کا غلط استعمال کرکے اس پورے عمل کو التوا میں ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2018 میں جو سکروٹنی کمیٹی بنائی گئی تھی اس کا مینڈیٹ ایک ماہ تھا کہ وہ ایک ماہ میں پی ٹی آئی کے فنڈز کی اسکروٹنی کرکے رپورٹ پیش کرنی تھی لیکن تاحال عمل مکمل نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ 20 نومبر 2019 کو اپوزیشن کا نمائندہ وفد چیف الیکشن کمشنر کے پاس آیا تھا اور درخواست کیا تھا کہ اس معاملے کو جلد از جلد نمٹاجائے اور روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے اس مسئلے کا فیصلہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ہے، ایک سیاسی جماعت نے ممنوعہ ذرائع سے منی لانڈرنگ کی۔ امریکا کے اندر امریکا کے قوانین کی خلاف ورزی کی۔ احسن اقبال نے کہاکہ وہ جماعت اعتراف جرم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیب، ایف آئی اے اورپاکستان کے تحقیقاتی ادارے فارن فنڈنگ کی تحقیقات کریں تو پتہ چلے گا کہ عمران خان کا بھی فالودہ والا نکلے گا۔ عمران خان کا خانسامان اور منیجر بھی کروڑ پتی نکلے گا کیونکہ عمران خان اپنے ملازمین کے نام پر کروڑوں روپے باہر سے منی لانڈرنگ کرکے یا پھرہنڈی کے ذریعے منگواتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ شخص جو ملک میں سب سے رسیدیں مانگتا تھا اور جب اپنی رسیدیں دینے کی باری آئی ہے تو مسلسل التوا کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے کوئی ممنوعہ فنڈنگ حاصل نہیں کی اور کوئی ایسا اکاؤنٹ نہیں ہے جس کو ہم نے چھپایا ہو جبکہ پی ٹی آئی نے درجنوں اکاؤئنٹس چھپائے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں اور الیکشن کمشنر نے بھی ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ میرٹ کے اوپر اس عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن کمیشن نے اگلے انتخابات بھی کرانے ہیں اور سب کی امید ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کو اگر میرٹ اور شفاف انداز میں نمٹائے گا تو 2018 کے انتخابات میں الیکشن کمیشن کی ساکھ متاثر ہوئی ہے وہ بحال ہوسکتی ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا کل یہاں ایک یادداشت جمع کرانے آئی تھی لیکن دیر ہونے کی وجہ سے پیش نہیں کی جاسکی اور آج صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کی ہدایت پر وفد آیا اور یاد داشت چیف الیکشن کمشنر کو پیش کی گئی۔ 6 سال سے پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ پر فیصلہ نہیں دے سکا اور آج ہم نے یادداشت میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کے تمام ثبوت آچکے ہیں جو ان کے اپنے بانی رکن کی طرف سے دائر درخواست ہے، اس پر فوری فیصلہ کیا جائے کہ ہماری کوئی غیرقانونی فارن فنڈنگ نہیں ہے اور جب الیکشن کمیشن کہے گا ہم ریکارڈ دینے کو تیار ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف  کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے اکاونٹس کی سکرونٹی کا عمل جاری ہے۔ گزشتہ پانچ سال کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال ہوگی۔ پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 19 جماعتوں کو نوٹس جاری کئے، پی ٹی آئی کی درخواست پر آج نوٹسز جاری ہوئے، پی ڈی ایم کل اپنی یادداشت الیکشن کمیشن جمع کرانا بھول گئی۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو تمام ریکارڈ فراہم کر دیا، اپوزیشن ہمارے ریکارڈ کا 10 فیصد حصہ ہی لے آئے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے تو ابھی کچھ جمع نہیں کرایا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے جھوٹ کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ چکی، مریم بی بی جرات کرے اپنے جھوٹ پر قوم سے معافی مانگے، اداروں کو قانون مضبوط بناتا ہے، جب فیصلے آئیں گے فیصلوں کی طاقت خود بولے گی۔ترجمان اے این پی زاہد خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اوپن کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ عمران خان الیکش کمشن میں اوپن سماعت کی درخواست دیں۔ تمام رسیدیں بھی پبلک کر دیں۔ عمران خان بیانات دے کر یوٹرن لے لیتے ہیں۔

مزیدخبریں