سیاسی بے روزگاروں کا اسلام آباد میں احتجاجی شو بری طرح فلاپ ہو گیا:شوکت بھٹی 

Jan 21, 2021

پنڈی بھٹیاں(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی چودھری شوکت علی بھٹی نے کہا ہے کہ سیاسی بے روزگاروں کا اسلام آباد میں احتجاجی شو بھی بری طرح فلاپ ہو گیا اور عوام نے مفاد پرستوں کی سرگرمیوں کو ایک مرتبہ پھر مسترد کر دیا ہے، عوام کی حقارت دیکھ کر بھی پی ڈی ایم میں شامل چلے ہوئے کارتوسوں کو شرم نہیں آرہی۔ مولانا کو اپنی اس غیر مقبولیت پر سیاست چھوڑ کر کسی حجرے میں بیٹھ کر اللہ سے معافی مانگنا چاہئے، انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے اسلام آباد میں خود کو بے نقاب کر لیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے احتجاج میں شامل نہ ہو کرمولانا اور نواز شریف خاندان کو ان کی اوقات یا ددلا دی ہے، ان تمام لیڈروں کے اپنے اپنے ایک دوسرے سے متضاد مفادات ہیں اور ہر کوئی اپنا اپنا کھیل،کھیل رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اب اپنے لانگ مارچ کا شوق بھی پورا کر لینا چاہئے تاکہ عوام کی عدالت سے مکمل طور پر دھتکارے جانے کے بعد افراتفری کی سیاسی کا خاتمہ ہو سکے۔ لانگ مارچ ان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، ثابت ہو گیا ہے کہ عوام پی ٹی آئی کی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کے ویڑن کے ساتھ اور ملک کو تعمیروترقی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں