پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر برن ہارڈ سٹیفن شلیگ ہیک Dr. Bernhard Stephan Schlagheck نے فرسٹ سیکرٹری کرسچن بوچر Mr. Christian Boettcher کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک میں باہمی تجارت، موجودہ ملکی و عالمی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرمن سفیر نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ چودھری شجاعت حسین نے جرمنی میں کورونا میں مبتلا پاکستانیوں کو احسن طریقے سے ڈیل کرنے پر جرمن حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی جرمنی کی ترقی کیلئے تعاون کر رہے ہیں، پاکستان میں جرمن مصنوعات کو بہت پسند کیا جاتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت اور امن پسند ملک ہے اسی لیے تمام ممالک کے سفیر شمالی علاقہ جات میں خود جا کر قدرتی خوبصورتی کو بیان کرتے ہیں۔ جرمن سفیر ڈاکٹر برن ہارڈ نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں، پاکستان کے لوگ ملنسار اور محبت کرنے والے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے اور ہم پاکستانیوں کا جرمنی میں خصوصی خیال رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او کے ذریعے کورونا کے خاتمے کیلئے فائزر کی تیار کردہ ویکسین پاکستان کو جلد از جلد فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے وزارتِ اعلیٰ کے دور میں عوامی فلاحی منصوبوں کی وجہ سے پنجاب نے خوب ترقی کی، خصوصاً تعلیم، صحت اور زرعت کے شعبوں میں ورلڈ بینک نے بھی ان منصوبوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر جرمن سفیر نے چودھری شجاعت حسین کو اپنی کتاب کا تحفہ بھی پیش کیا۔