شریف فیملی مافیا، عدالت نے کچا چٹھا کھول دیا : عمران

Jan 21, 2022

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ شریف فیملی مافیا ہے جو  اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، ہمیں اس مافیا کا مقابلہ کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے ترجمانوں کے اجلاس میں اسلام آباد  ہائی کورٹ کے فیصلے پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم  نے کہا کہ عدالت نے شریف فیملی کا کچا چٹھا کھول دیا ہے۔ سابق چیف جج کا بیان حلفی نواز شریف کے بیٹے کے آفس میں نوٹرائز ہوا۔ مریم نواز کے کیس سے پہلے بیان حلفی سامنے لایا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ شریف فیملی مافیا کی طرح ایکٹ کر رہی ہے، شریف فیملی خود کو بچانے کی جنگ اور ہم عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں، شریف فیملی ہمیشہ عدالتوں پر اثرانداز ہونے کے لیے ایسے حربے استعمال کرتی رہی ہے، ہمیں اس مافیا کا مقابلہ کرنا ہے، آج عدالت نے انہیں بے نقاب کردیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مریم نواز کی پیشی سے پہلے کچھ لوگوں کو الہام ہونے لگتا ہے۔ مافیا اپنے بچاؤ کیلئے رشوت دے گا‘ بلیک میل کرے گا۔ بلیک میلنگ سے جو یہ چاہتے ہیں انہیں نہیں ملے گا۔ ہماری معاشی گروتھ ن لیگ کی طرح  دکھاوا نہیں۔ برآمدات بڑھ گئی ہیں، خسارہ ختم ہورہا ہے۔ زرمبادلہ ذخائر بلند ترین سطح پر ہیں۔ آٹو سیکٹر خوشحال ہو رہا ہے۔ چار منصوبوں  کی ریکارڈ پیداوار ہوئی۔ کسان حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں۔ ن لیگ جو 5 سال میں نہیں کر سکی ہم نے 3 سال میں کر دیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے ممبر قومی اسمبلی فضل محمد خان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے مقامی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرکے پارٹی کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے ملک کیلئے اہم ہیں، منصوبوں کے اہداف معینہ مدت میں پورا نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے، پنجاب حکومت ان منصوبوں کے خلاف زیرالتوا مقدمات کی موثر پیروی کرے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس  ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ  حکومت کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔  وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے تعمیرات کے تاریخ ساز منصوبے شروع کیے جن کی طرف پچھلے 20 سالوں میں کسی حکومت نے توجہ نہیں دی، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت ان منصوبوں کے خلاف زیرالتوا مقدمات کی موثر پیروی کرے۔ وزیر اعظم عمران خان نے آبپاشی کے حوالہ سے تمام جاری منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبی ذخائر کی بروقت تعمیر اور زرعی زمین کو آبپاشی سے قابل کاشت بنانا ملکی غذائی تحفظ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ملک میں آبپاشی کے نظام کی بہتری کیلئے مربوط لائحہ عمل پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے بھی ملاقات کی۔  وزیراعظم عمران خان کا بل گیٹس سے ٹیلی فون تک رابطہ بھی ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد پر ملکر کام جاری رکھنے کا اتفاق کیا۔ ٹیلی فونک رابطے کے دوران وزیراعظم نے دنیا بھر میں غربت‘ بیماری‘ عدم مساوات کے خلاف جنگ میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کام کی تعریف کی۔ بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کیلئے  پاکستان کی جانب سے کی جانے والی حالیہ کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم اور بل گیٹس میں انسداد پولیو اور کرونا پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

مزیدخبریں