اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)الیکشن کمیشن نے مقامی کمپنی سے خریدی گئی ای وی ایم مشینوں کو قبول کرنے سے صاف انکار کردیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کیلئے خریدی جانے والی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حوالے سے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو خط ارسال کر دیا۔الیکشن کمیشن نے اپنے خط میں لکھا کہ نجی مارکیٹ اور نجی فرم سے خریدی گئی مشینیں کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہوں گی کیونکہ آئین کے تحت اوپن مارکیٹ سے مشینوں کی خریداری وزارت سائنس کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے جبکہ بیرون ملک سے مشینوں کی خریداری پر پیپرا رولز کے تحت ای سی پی ٹینڈرنگ کرے گا۔خط میں مزیدکہا گیا ہے کہ وزارت سائنس ای وی ایم کی فراہمی کیلئے ایک کمپنی سے معاہدہ کرے گی، جس کے بعد الیکشن کمیشن کے حکام کمپنی اور مشینوں کی تصدیق کے بعد اس کو خریدیں گے۔الیکشن کمیشن نے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے مشینوں کی ٹیسٹنگ کرنے والے ماہرین کے نام اور رائے بھی مانگی ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی سے میئر اسلام آباد اور بلدیاتی انتخاب کیلئے 3900 مشینیں طلب کی ہیں۔