اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ نے کثیرالقومی کمبائنڈ میری ٹائم ٹاسک فورس - 150 کی کمانڈ سنبھال لی۔ تبدیلی کمانڈ کی یہ تقریب بحرین میں واقع (US NAVCENT) کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔ رائل نیوزی لینڈ نیوی کے کیپٹن برینڈن کلارک نے CTF-150 کی کمانڈ پاک بحریہ کے کموڈور وقار محمدکے حوالے کی۔CTF-150 تین ٹاسک فورسز میں سے ایک ہے جو کمبائنڈ میری ٹائم فورسزکے زیر نگرانی بحر ہند میں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔ کمبائنڈ ٹاسک فورس - 150 کے نئے کمانڈر کموڈور وقار محمدنے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اور ان کی ٹیم اس اہم ذمہ داری کو نبھانے اور خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام قائم رکھنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے سابقہ کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس کیپٹن برینڈن کلارک کی کمانڈ کے دوران مقرر کردہ مقاصد کو کامیابی کے ساتھ حاصل کرنے کی کاوشوں کو سراہا اورایسی ہی کوششوں کے ساتھ آئندہ آپریشنز جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب میں بحرین میں پاکستان کے سفیر محمد ایوب، بحرین میں نیوزی لینڈ کے سفیر بارنی ریلی، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسزوائس ایڈمرل چارلس بریڈ فورڈ کوپر اور سینئر سفارت کاروں سمیت دیگر معزز سول اور فوجی مہمانوں بشمول کمبائنڈ ٹاسک فورس کے ساتھ کام کرنے والے کئی دیگر بحری افواج کے نمائندوں نے شرکت کی۔
پاک بحریہ نے کثیرالقومی کمبائنڈ میری ٹائم ٹاسک فورس 150کی کمانڈ سنبھال لی
Jan 21, 2022