جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے تعاون کریں ، شاہ محمود کا شہباز ، بلاول کو خط 

Jan 21, 2022

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) حکومت نے جنوبی پنجاب صوبہ کے لئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کیلئے شہباز شریف اور بلاول سے تعاون کی درخواست کر دی۔ حکومت نے اپوزیشن سے خط کے ذریعے رابطہ کیا۔ حکومت نے صوبے کیلئے پارلیمان کی خصوصی کمیٹی بنانے کیلئے نام مانگ لئے۔ شاہ محمود قریشی نے آئینی ترمیم کیلئے دونوں پارلیمانی رہنماؤں کو مدعو کرلیا۔ خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن پر الگ صوبہ بنانے سے متعلق تحریر کر رہا ہوں، 17 جنوری کو ن لیگی سینیٹر نے ایوان بالا میں نجی بل پیش کیا، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے بل کی حمایت کی، جنوبی پنجاب صوبہ بنانا علاقے کے لوگوں کی دیرینہ خواہش ہے، جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں بنیادی رکاوٹ آئینی ترمیم ہے، ترمیم کیلئے پارلیمنٹ کی دو تہائی اکثریت درکار ہے۔ خط میں، شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ کی تمام بڑی جماعتوں کو جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے قانون سازی کیلئے درکار تعاون کی درخواست کی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ بنانا اس علاقے کے لوگوں کی دیرینہ خواہش اور پی ٹی آئی کے منشور کا کلیدی جزو ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین کروڑ لوگوں کی اس خواہش کو پورا کرنے میں بنیادی رکاوٹ، ایک آئینی ترمیم ہے جس کے لیے پارلیمنٹ کی دو تہائی اکثریت درکار ہے۔

مزیدخبریں