پی پی آج ساہیوال، لاڑکانہ ڈویژن میں ٹرالی مارچ کرے گی

Jan 21, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پی پی پی کے چیئرمین  بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کی زرعی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ تین سالوں میں، جتنا اس سلیکٹڈ حکومت نے پاکستان کی زرعی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے، اتنا ہی ہماری پوری معیشت کو نقصان پہنچایا ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میںانہوں نے کہا کہ  زرعی معیشت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ اس وقت ہم باہر سے گندم، چاول اور چینی منگوا رہے ہیں۔ جب سے خان صاحب کی حکومت آئی ہے، کسانوں کو ان کے فصل کی قیمت نہیں مل رہی۔ اب یوریا کے بحران کی وجہ سے، کھاد کے بحران کی وجہ سے ہمارے گندم کی فصل کو نقصان ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی کال ہے، ہم آج 21جنوری سے لاڑکانہ ڈویژن اور پنجاب کی ساہیوال ڈویژن سے احتجاج شروع کر رہے ہیں۔ ہم اپنے کسان بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر احتجاج کریں گے۔ پھر 24 جنوری تک یہ احتجاج، انشاء اللہ، ملک بھر میں پھیلے گا۔ اس نالائق و نااہل حکومت کو ایکسپوز کریں گے، اور مطالبہ کریں گے کہ ہم پاکستان کی زرعی معیشت کو بچائیں اور عمران کو بھگائیں۔ آپ سے اپیل ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔ ملک بھر کے تمام ڈویژنز میں 24 جنوری کو ٹریکٹر ٹرالی مارچ کا انعقاد ہوگا۔ راجہ پرویز اشرف، سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ کے ہمراہ اوکاڑہ میں، سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، جمیل سومرو، خورشید جونیجو ودیگر بعد نماز جمعہ لاڑکانہ میں ریلیوں کی قیادت کریں گے۔

مزیدخبریں