گردشی قرضہ کم زرمبادلہ ذخائر بڑھے ، معیشت نے 5.37 شرح سے ترقی کی : حماد اظہر 

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت نے پچھلے سال 5.37فی صد کی شرح سے ترقی کی، یہ کامیابی تحریک انصاف حکومت نے اپنے تیسرے سال حاصل کی، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، گردشی قرضوں میں نمایاں کمی اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ معمولی رہا۔ ن لیگ حکومت نے یہ شرح اپنے آخری سال میں حاصل کرنے کی خاطر ملک دیوالیہ کر دیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے حکومت نے مشکل فیصلے کئے۔ زر مبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر اور برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، جب معیشت 5.37فیصد سے ترقی کرے گی تو ہزاروں نوکریاں پیدا ہوں گی، معاشی استحکام کے حصول کیلئے حکومت کو غیر مقبول فیصلے کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملکی معیشت کے حوالے سے اچھی خبرآئی ہے، گردشی قرضے میں سالانہ 130ارب روپے کمی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو ملکی تاریخ کا ریکارڈ کرنٹ اکائونٹ خسارہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت میں 7.8اور خدمات کے شعبے میں 5فیصد اضافہ ہوا، کرونا کے باوجود معاشی استحکام کا ہدف حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کسی کو اپنے اقتدار کے آخری سال کے قرضوں کا نہیں بتاتی، ہمیں ایک دیوالیہ معیشت ملی تھی۔ عالمی سطح پر مہنگائی کا سیلاب آیا ہے، مہنگائی کا اثر پاکستان پر بھی پڑا۔ علاوہ ازیں حماد اظہر سے جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا کی ملاقات، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان کے جاپان کے ساتھ بہترین سفارتی تعلقات ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں انرجی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع ہیں۔ جاپانی سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ 2022پاک جاپان شاندار سفارتی تعلقات کی 70سالہ سالگرہ کے طور پر منایا جا رہا ہے، دونوں ممالک مختلف تقریبات کا انعقاد کریں گے۔ اپنے ٹویٹ میں حماد اظہر نے کہا ہے کہ 7اپریل 2021 کو اندازہ لگایا تھا کہ اقتصادی ترقی تمام پیشین گوئیوں کو مات دے گی۔ حتمی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال معیشت کی شرح نمو 5.37فیصد رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن