لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے مسلسل چار مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے مہر محمد نواز خان بھروانہ اور مہر علی نواز بھروانہ نے ملاقات کی اور تحریک انصاف چھوڑ کر ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے مہر محمد نواز خان بھروانہ کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی قیادت اپنے سیاسی ساتھیوں کو ساتھ لیکر چلتی ہے۔ نئے ساتھیوں کو سیاسی عمل میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ق) بھر پور انداز سے میدان میں اترے گی۔ بلدیاتی ادارے عوام کے نچلی سطح پر مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن کو عوامی مسائل سے متعلق ایشوز پر ٹھوس تجاویز سامنے لا کر عمل کرنا چاہئے۔