مری اپ گریڈیشن کی منظوری ، فری ماسک مہم شروع ، دھماکہ کرنیوالے نہیں بچیں گے : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر، نامہ نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انارکلی میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور  ہدایت کی ہے کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔ یہ واقعہ امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے اور دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے شہریوں میں فری ماسک تقسیم کرنے کی مہم کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں فری ماسک تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو ان کے محکموں کے افسروں اور عملے کیلئے ماسک دیئے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ خصوصی ماسک کرونا اور سموگ سے بچاؤ کیلئے مؤثر ثابت ہوںگے۔  ماسک کا استعمال ہر شہری کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ پہلے فیز میں لاہو ر کے منتخب علاقوں میں فری ماسک تقسیم کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے۔ مرحلہ وار لاہور اور پورے پنجاب میں فری ماسک تقسیم کئے جائیں گے۔ سکولوں کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر فری ماسک مہیا کیے جائیںگے۔ پنجاب کے ہر شہری کو واش ایبل کرونا ماسک مہیا کریںگے۔ پوسٹ آفس کے ذریعے گھر گھر تک ماسک پہنچائے جائیںگے اور ماسک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے چیک پوائنٹس بھی قائم کیے جائیںگے۔ یونیورسٹی طلباء کو آگاہی مہم کے لئے انٹرن شپ آفر کریںگے۔ فری ماسک آگاہی مہم کیلئے مذہبی سکالرز، فنکار اور دیگر عوامی شخصیات فلیگ مارچ بھی کریں گے۔ عثمان بزدار نے مری کی اپ گریڈیشن کیلئے بڑے اقدامات کرتے ہوئے مری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر افسر تعینات کرنے اور متعلقہ سٹاف کو بھی تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔م ری کی اپ گریڈیشن کیلئے 19 نئی پوسٹوں پر عملہ تعینات کیا جائے گا اور اس ضمن میں بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مری میں پولیس کا نیا ڈویژن قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ نئے کوہسار ڈویژن کیلئے ایس پی کے عہدے کے افسرکو تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیصل آباد کی ترقی کیلئے تقریباً 3 ارب روپے کے منصوبوں کی بھی منظوری دے دی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن