اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کبھی پاگل پن کے دورے، کبھی کرسی پر معذروں کی اداکاری، کبھی سٹریچر پر عدالت میں پیشی، نور مقدم کا گلا کاٹ کر قتل کرنے والے ظاہر جعفر کے سارے ڈرامے فیل، جیل ہسپتال کے ڈاکٹرز اور ماہرِ نفسیات نے مکمل فٹ قرار دے دیا۔ جیل ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق ملزم کا بہت دفعہ میڈیکل کیا گیا، ماہر نفسیات نے بھی مکمل معائنہ کر کے اسے فٹ قرار دیا۔ میڈیکل رپورٹ ایڈیشنل سیشن جج کو موصول ہوگئی ہے۔ ملزم ظاہر جعفر کو گزشتہ روز سٹریچر پر لاکر عدالت میں پیش کیا گیا۔ گذشتہ سماعت میں اسے کرسی پر اٹھاکر لایا گیا تھا۔ سماعت ہوئی تو ملزم ظاہر جعفر کو سٹریچر پر لٹا کر لایا گیا۔ ملزم عدالت میں سماعت کے دوران مسلسل کراہتا بھی رہا۔ تاہم میڈیکل رپورٹ نے ملزم کی ذہنی و جسمانی بیماری کا سارا پول کھول دیا ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ظاہر جعفر ذہنی طور پر بھی مکمل فٹ ہے اور جسمانی طور پر بھی۔ آج ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی کی عدالت میں نور مقدم قتل کیس کی سماعت کے دوران دیگر ملزمان کو بھی پیش کیا گیا۔ ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر کے وکیل بشارت اللہ کی جرح کے دوران تفتیشی افسر عبدالستار نے کہا کہ قتل کا کوئی چشم دید گواہ موجود نہیں کیس کی مزید سماعت اب 24 جنوری کو کی جائے گی۔
نور مقدم کیس‘ ملزم کی سٹریچر پر انٹری‘ ڈاکٹروں نے فٹ قرار دے دیا
Jan 21, 2022