گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) سانحہ سیالکوٹ میں ملوث مرکزی 7 ملزموں سے پولیس نے تفتیش مکمل کر لی۔ قتل میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کر لیا۔ ساتوں کو سنٹر جیل گوجرانوالہ کے سپیشل سیل منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکن پریانتھا کمارا مقدمہ قتل کی پولیس تفتیش میں سات مرکزی ملزمان کے حتمی کردار کا تعین کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم عمران اور حمیر نے پریانتھا پر قینچی سے وار کیے حملے میں استعمال ہونے والی دونوں قینچیاں برآمد ہو گئی ہیں۔ ملزم حافظ تیمور نے اینٹ کا بنا بلاک پریانتھا پر مارا تھا۔ ان کے علاوہ ملزم علی اصغر نے نعش کو آگ لگائی۔ آگ لگانے کے لئے استعمال ہونے والا لیٹر بھی برآمد کر لیا۔ ملزم شہریار اور بلال نے بیرونی دروازہ توڑ کر ہجوم کو اندر بلایا پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عبد الصبور بٹ نے فیکٹری ورکرز کو حملے کیلئے اکسایا تھا۔ ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف جرم کر لیا ہے۔ ملزمان نے زیر دفعہ 164 کے اپنے بیانات بھی ریکارڈ کروائے۔
سانحہ سیالکوٹ: پریانتھا کو قینچیاں، اینٹ مارنے، آگ لگانے والے ملزموں کا تعین
Jan 21, 2022