راولپنڈی (اکمل شہزاد سے)اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن کی ویلفیئر کینٹین میں اشیا ء کی اضافی قیمتوںکی وجہ شہری سراپا احتجاج بن گئے، مہنگے داموں اشیا فروخت کرنے اور بل نہ دینے پر مسافروں اور شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ڈی جی سو ل ایو ی ایشن اور وفاقی وزیر ہوا بازی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا، سو شل میڈیا پر وڈیووائرل کردی گئی، اطلاعات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن کی ویلفیئر کینٹین پر چائے ، برگر اور پانی کے اضافی رقم موصول کی گئی، جس پر کیٹنین میں موجود شہریوں نے احتجاج شروع کردیا، پہلے عملے کی جانب سے ٹیکس کا بہانہ بنایا گیا ، پھر اشیا کے ریٹ نہ بتانے پر توں تکرار شروع ہوگئی، احتجاج پر بل میں سے ایک ہزا ر روپے کم کئے گئے، شہریوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ویلیفئر کینٹین میں پانی کی بوتل 200 روپے میں دی جا رہی ہے چائے بھی عام ریٹ سے سو فیصد اضافہ سے فروخت کی جا رہی ہے ہم مری والوں کو اضافی پیسے لینے کا الزام لگاتے ہیں یہاں انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سرعام مسافروں کو لوٹا جا رہا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں، اس حوالے سے ایئر پورٹ کے اعلی حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے نوا ئے وقت کو بتایا کہ اصل رسید نہ دینے پر کینٹین کے ٹھیکیدار کو دس ہزار روپے جرمانہ کیا گیا اور ٹھیکے دار کی جانب سے کینٹین میں موجود کیشیئر کو بھی نوکری سے فارغ کر دیا گیا ۔