لاہور (خصوصی رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر خواجہ شاہ زیب اکرم نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ادویات اور ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال پر لگایا گیا 17 فیصد سیلز ٹیکس فوری ختم کیا جائے۔وہ گزشتہ روز فارما انڈسٹری کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی صورت سیلز ٹیکس کو قبول نہیں کیا جائے گا، اس کیلئے احتجاج کرنا پڑا یا سڑکوں پر نکلنا پڑا تو بھی نکلیں گے۔خواجہ شاہ زیب نے مزید کہا کہ حکومت نے منی بجٹ میں فارما سیوٹیکلز سیکٹرپر 160ارب کا ٹیکس عائد کر دیا ہے۔ جس سے فارما انڈسٹری بہت بری طرح متاثر ہو گئی۔انہوں نے کہاکہ منی بجٹ میں ادویات سازی،خام مال پر سیلز ٹیکس ظلم ہے۔سیلز ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو ادویات 17فیصد مہنگی کرنا پڑیں گی۔اجلاس میں پی پی ایم اے (نارتھ) کے چیئرمین ڈاکٹر فیصل کھوکھر، سابق چیئرمین امجد جاوا،میاں خالد مصباح،حامد رضا،احتشام الحق، امان اللہ بسمل اور ویڈیو لنک کے ذریعے ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
منی بجٹ میں فارما سیوٹیکلز سیکٹرپر 160ارب کا ٹیکس عائد: خواجہ شاہ زیب
Jan 21, 2022